وزیرِ خزانہ اسد عمر کا استعفے کا اعلان


اسد عمر

پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

جمعرات کو سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے بیان میں انھوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت سے الگ ہو رہے ہیں۔

اسد عمر نے اپنے پیغام میں کہا ’وزیرِ اعظم کابینہ میں ردوبدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ پیٹرولیم کا قلمدان سنبھال لوں۔ لیکن میں نے ان کی مرضی سے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کی واحد امید ہیں اور انشااللہ نیا پاکستان ضرور بنے گا۔‘

البتہ کابینہ ڈویژن کی طرف سے ابھی تک اسد عمر کے مستعفی ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

اسد عمر سمیت چند دیگر وزارء کی وزارتیں تبدیل کرنے کے بارے میں چند روز سے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم وفاقی حکومت نے ان رپورٹس کو کئی بار مسترد کیا تھا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب وزیر خزانہ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ شوکت ترین پاکستان پیپلز کے دور میں وزیر خزانہ رہے ہیں۔

اقتصادی امور پر نظر رکھنے والے صحافی مشتاق گھمن کا کہنا تھا کہ اس موقع پر اسد عمر کا وزارت سے الگ ہونا خود حکومت کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے جب عالی مالیاتی ادارے یعنی آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر کا پیکیج حاصل کرنے کے لیے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے تھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد کی پاکستان میں اگلے ہفتے آمد متوقع ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اسد عمر کو گذشتہ سال کے دوران یہ معلوم تھا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی تو وہی وزیر خزانہ ہوں گے لیکن اس کے باوجود اُنھوں نے ملکی معیشت کو سامنے رکھنے ہوئے وہ اقدامات نہیں کیے جن کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان امید لگائے بیٹھے تھے۔

——

اسی بارے میں

اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا: کابینہ سے علیحدگی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp