ایسٹر ڈے پر نوکری کا تحریری امتحان


پاکستان ٹیسٹنگ سروس ایک سروس پروائیڈر ادارہ ہے جو کہ مختلف سرکاری نیم سرکاری ادروں کے لئے امیدوارں کے تحریری امتحان لے کر رزلٹ تیار کر کے متعلقہ ادروں کو دیتے ہیں۔ مذکورہ ادارہ تحریری امتحان کی فیس امیدوار سے وصول کر تے ہیں لیکن ان کا نعرہ ہے کہ وہ ہر پروجیکٹ کو اپنے صارف کی ضرورتوں کے مطابق مکمل کرتے ہیں۔ مورخہ 21۔ 04۔ 2019 کو پاکستان ٹیسٹنگ سروس نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی ملازمتوں ( ایل ڈی سی بی ایس 09۔ اور یو ڈی سی بی ایس 11۔ ) کے لئے ضلع ملتان میں تحریری امتحان کا انعقاد کیا ہے جس کے اوقات بالترتیب 1:00 pmاور 7:00 am ہیں۔ حالا نکہ وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے اس دن ایسٹر ڈے اور دیگر دو تہواروں کی مناسبت سے چھٹی کا باقاعدہ نو ٹیفکیشن جار ی کیا گیا ہے۔

اس تحریری امتحان میں درخواست دہندہ امیدواروں میں بہت سے امیدواروں کا تعلق مسیحی مذہب سے ہے اور ایسٹر مسیحیوں کا کرسمس کے بعد منا یا جانے دوسرا بڑا مذہبی تہوار ہے۔ جس کو مسیحی لوگ عبادات اور خاندانی میل جو ل کے ذریعے مناتے ہیں اور ایسٹر کی خصوصی عبادات کا سلسلہ ایسٹر ڈے سے ایک ہفتہ قبل پام سنڈے سے شروع ہو کر ایسٹر کے دن تک چلتا ہے۔ جس میں کثیر تعداد میں مسیحی خاندان، نوجوان لڑکے لڑکیاں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر پاک ہفتہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی عبادات میں شریک ہوتے ہیں۔

اس سال مورخہ 01۔ 02۔ 2019 کو وزارت داخلہ گورنمنٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں آپشنل چھٹیوں میں 21۔ 04۔ 2019 کو ایسٹر ڈے کے علاوہ شب برات اور بہائی کمیونٹی کے لیے عید ِ رضوان کی چھٹی بھی جاری کی گئی ہے۔ اور دو ماہ قبل جاری کیا گیا نو ٹیفکیشن تقریباً گورنمنٹ کے چھبیس محکموں کو جاری کیا گیا مگر سرکا ری محکموں اور ٹیسٹنگ سروس کی غیر مسلموں کے تہواروں سے لا علمی سمجھ سے بالاتر ہے۔

مذکورہ بالا محکموں کے افسران سے تحریری امتحا ن کو ایسٹر ڈے اور دیگر تہواروں کی مناسبت تبدیل کر کے کسی اور مناسب دن منعقد کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے اور آ ئندہ پراجیکٹ میں پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے تہواروں کو اپنی منصوبے بندی میں یاد رکھنا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).