کیا شیریں مزاری اب بھی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو امریکی ایجنٹ سمجھتی ہیں؟


پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بطور وزیر خزانہ کام کرنے والے عبدالحفیظ شیخ کو وزیر اعظم عمران خان نے مشیر خزانہ تعینات کیا ہے۔ یہ وہی عبدالحفیظ شیخ ہیں جنہیں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ماضی میں امریکی ایجنٹ قرار دیتی رہی ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ کے مشیر خزانہ بننے کے بعد ڈاکٹر شیریں مزاری کے 19 فروری 2013 کو کیے گئے ٹویٹ کا سکرین شارٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکا ہے جس میں انہوں نے عبدالحفیظ شیخ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ عبدالحفیظ شیخ پیپلز پارٹی کے دور میں وزیر خزانہ تھے لیکن نگران حکومت کے قیام سے کچھ روز پہلے انہوں نے اس امید پر اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا کہ انہیں نگران وزیر اعظم بنایا جاسکتا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ کا نام بطور نگران وزیر اعظم سامنے آنے پر شیریں مزاری نے کہا تھا صاف نظر آرہا ہے کہ حفیظ شیخ کا نام اہم ترین نگران عہدے کیلئے ڈلوایا گیا ہے، یہ کتنا شرمناک ہے کہ نیوٹرل کیئر ٹیکر کے تصور کو کس طرح ایک امریکہ کے ایجنٹ کو نوازنے کیلئے مجروح کیا گیا ہے۔

ایک صارف نے حفیظ شیخ کو آصف زرداری کا وفادار کہا تو شیریں مزاری نے واضح کیا کہ موصوف سب سے زیادہ اپنے امریکی آقاﺅں کے ساتھ وفادار ہیں۔

Facebook Comments HS