بیکنگ کیجیے، اپنی پہچان بنائیے


اکیسویں صدی ہو اور زندگی کے ہر موڑ پر جدیدیت دیکھنے کو نہ ملے ایسا تو نا ممکن ہے اور اس کی ایک مثال ہمارے معاشرے میں مقبول ہوتی ’’تھیمڈ برتھ ڈے پارٹیز‘‘ بھی ہیں، بچے ہوں یا بڑے سب کی سال گرہ کو بڑے پیمانے پر منانے کا رواج زور پکڑ رہا ہے۔

اس روایت کا معاشرے میں شامل ہونا اپنی جگہ، مگر تربیت اور سوچ اپنی جگہ۔ اس لیے وہ لوگ بھی موجود ہیں جو یہ سوچتے ہیں کہ اتنا خرچ کرنے سے بہتر ہے، کم خرچ بالا نشین بچوں کی خوشی منائی جائے اور یہی تربیت وہ اپنے بچوں کو بھی دیتے ہیں۔ اسی تربیت کے زیر اثر نوعمر لڑکیاں خود دوستوں کے ساتھ سال گرہ منانے کے لیے گھر ہی پر کیک بیک کر لیتی ہیں اور خوش ہو جاتی ہیں۔

بیکنگ کرنا عمومی طور پر لڑکیوں کو پسند ہوتا ہے جب وہ ٹی وی اسکرین پر نشر ہونے والے مختلف کوکنگ شوز میں سجے ہوئے کیکس دیکھتی ہیں تو سوچتی ہیں، کہ کیوں نہ وہ بھی بیکنگ کریں اور ذائقہ دار کیک بنائیں۔ مگر بیکنگ کرنا اتنا بھی آسان نہیں کہ سوچا اور ہو گیا، بلکہ اس کے لیے پیشگی کچھ انتظامات کرنے پڑتے ہیں۔ آئیے میں آپ کو بتاتی ہوں بیکنگ کرنے سے پہلے کن عوامل کے بارے میں سوچنا اور کرنا ضروری ہے اور کن چیزوں کی مدد سے آپ بہترین بیکنگ کر سکتی ہیں۔

اجزاء کی خریداری:

ایک مشہور مقولہ ہے Practice makes a man perfect اور یہ مقولہ یہ ثابت کرتا ہے کہ کوئی بھی کام دل جمعی سے اور بار بار کیا جائے تو اس میں کامیابی عین ممکن ہوتی ہے۔ اس لیے اگر آپ کا بنایا ہوا کیک پہلی مرتبہ میں ٹھس ہو گیا ہے، تو لازمی نہیں کہ اگلی مرتبہ بھی ایسا ہی ہو۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس کیک بنانے کے لیے استعمال ہونے والے اجزا، جس میں میدہ، کوکو پاؤڈر، بیکنگ پاوڈر، ونیلا ایسسنز، انڈے، بیکنگ چاکلیٹ اور دیگر شامل ہیں وافر مقدار میں موجود ہوں۔

اگر آپ ان اجزا کی خریداری کسی سپر مارکیٹ سے کریں گی، تو یہ اجزا آپ کو مہنگے دام ملیں گے، اور ان کی مقدار بھی کم ہو گی۔ ایسے میں کراچی میں موجود ایمپریس مارکیٹ وہ جگہ ہے جہاں کلو کے حساب سے اجزا کی خریداری کم قیمت میں ممکن ہے۔ اس لیے اپنے بیکنگ جیسے شوق کو بار ہا پورا کرنے کے لیے یک بارگی ایمپریس مارکیٹ سے اجزائے ضرورت خریدیے اور اپنا شوق پورا کیجیے۔

بیکنگ میں استعمال ہونے والی کٹلری اور مشینز:

گو کہ بیکنگ کے لیے سب سے اہم آپ کے گھر میں اوون کا ہونا ہے مگر چونکہ آج کے جدید دور میں اکثر گھروں میں مائیکرو ویو جیسی سہولت موجود ہے اس لیے اوون کا ہونا نہ ہونا اہمیت نہیں رکھتا۔ مگر بیکنگ کے لیے کچھ مشینیں اور کٹلری کا آپ کے کچن کیبنیٹ میں ہونا بہت ضروری ہیں۔

اس میں اجزا کو ناپنے والے مخصوص مگ اور چمچے، ہینڈ مِکسر، آمیزے کو یک جا کرنے کے لیے spatula، کیک بیک کرنے کے لیے بیکنگ پین، پیسٹری برش، آئسنگ کرنے کے لیے پائپنگ بیگس ان سب چیزوں کا آپ کے پاس ہونا لازم ملزوم ہے۔ کیونکہ انھی کو کام میں لاتے آپ بیکنگ میں ماہر ہو سکتی ہے۔

ریسیپی:

آج کے دور میں یو ٹیوب پر اور مختلف چینلز پر کیک، بسکٹ کی مختلف ریسیپیز نشر کی جاتی ہیں، مگر بیکنگ کے لیے بہترین یہ ہے کہ جو بھی ریسیپی یو ٹیوپ پر آپ کو پسند آئے، آپ وہ اپنی ڈائری میں لکھ لیں۔ پھر بیکنگ کرتے ہوئے کچن میں اس کو اپنے ساتھ رکھیں، تا کہ جب آپ کسی بھی مرحلے پر شش و پنج کا شکار ہوں، تو ریسیپی آپ کے سامنے ہو اور آپ با آسانی ریسیپی کو فالو کرتے ہوئے اپنا کیک تیار کر سکیں۔

بیکنگ ایک ایسا فن ہے جس کے بارے میں پیٹررین ہارٹ کا کہنا ہےـ

Its all about a balancing act between

time, temperature and ingredients thats the art of baking

بیکنگ ایک ایسا ہنر ہے کہ جس پر اگر مسلسل محنت کی جائے اور خود کو اس میں بہترین ثابت کرنے کے کیک کی سجاوٹ پر بھی توجہ دی جائے تو یہ آپ کے لیے نئی راہیں کھولتا ہے اور آپ کو کامیاب کرتا ہے۔ اس کی زندہ مثال حیدر آباد کی مشہور بیکری ببمئی بیکری ہے جو بچھلے سو سال سے ایک گھر میں قائم ہے اور مسلسل کامیابی کی جانب گام زن ہے۔ اس کے ساتھ فی الوقت کراچی میں بھی خواتین نے گھر میں چھوٹا سا سیٹ آپ کر کے بیکری قائم کی ہوئی ہے جن کے کیک مشہور ہیں اور لوگ تقریبات میں انھیں سے کیک لینا پسند کرتے ہیں کیونکہ وہ غیر معمولی طور پر مزے کے ہوتے ہیں۔ وہ لڑکیا ں جو اول درجے کے نہیں مگر کسی درجے تک بیکنگ کر پا رہی ہیں، انھوں نے بھی فیس بک اور دوسرے ذرائع سے اپنے بنائے ہوئے کپ کیکس اور کیکس کی سپلائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس لیے اگر آپ کو بھی بیکنگ کا شوق ہے تو آپ بھی محنت کر کے خود کو ایک معروف بیکر کے طور پر متعارف کرا سکتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).