تین ای میلز کی کہانی


پہلی ای میل

ڈیئر بسمل صاحب

سب سے پہلے تو ہم آپ کے شکر گذار ہیں کہ آپ نے ہماری ویب سائیٹ ”دل جوڑ“ کو جوائن کیا۔ میں آپ کو ذاتی طور پر خوش آمدید کہتی ہوں۔

میرا نام دل آرام ہے اور میں ”دل جوڑ“ کمپنی کی مارکیٹنگ مینجر ہوں۔ یقین جانیئے آپ کے جوائن کرنے سے ہمیں حقیقی خوشی ہوئی ہے۔ ہم آپ کی عمر کے لحاظ کے بغیر آپ کی زندگی بدل دیں گئے۔ ہم دل جوڑنے کے ماہر ہیں۔ ہمارے پا س آپ کے لیے ہر انواع واقسام کا جوڑ ہے، سانولی سلونی شرمیلی سے لے کر کاگ اڑاتی ابلتی بوتل تک۔ ہم کئی جہانوں پر نظر رکھتے ہیں۔ آپ کی خوابوں کی دنیا بھی ہماری دسترس میں ہوگی۔ خوش ہوجائیے، آپ کی حسرتیں اب حسرتیں نہیں رہیں گی۔ اپنی خواہشات ہمیں کسی ہچکچاہٹ کے بغیر بتائیں۔ ہم آپ کی ضرورت کے مطابق آپ کا رابطہ کروائیں گے۔

ہم دل جوڑنے کے ایکسپرٹ ہیں۔ ہمارا مقصد آپ جیسے محبت کے متلاشی لوگوں کی خدمت کرنا ہے، اور ہم اس کے لیے تہہ دل سے کوشاں ہیں۔ ہمارے پاس لاتعداد محبت کے متلاشی دلوں کے رابطے ہیں، اور ہمارا الگورتھم اس دور کے سمجھدار ترین لوگوں نے بنایا ہے۔ ہم آپ کے لیے ایسا جوڑ ڈھونڈ کر لائیں گے جو آپ کے تن من میں سکون بھر دیگا۔ ہمارے ماہرین اور ہمارے الگورتھم آپ کو آپ سے بھی بہتر جان جائیں گے۔

آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارے آن لین فارم کے جوابات دیجیئے، اور فوراً ہماری فیس جمع کرائیں۔ اس کے بعد آرام سے بیٹھ جائیے۔ خوش ہوجائیں، آپ کی خواہشیں پوری ہونے والی ہیں۔

ہماری سروس کو اپنے ساتھیوں سے متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد تو سب کی خدمت ہے۔

آپ کی خدمتی،

دل آرام

مارکیٹنگ مینجر

دل جوڑ ویب سائیٹ

دوسری ای میل

ڈیئر بسمل صاحب،

ہمارے آن لائن فارم فل کرنے اور فیس ادا کرنے کا شکریہ۔ ہم آپ کو اپنی زندگی کا نمایاں ترین قدم لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آپ نے اپنے خیالات، خواہشات، حسرتیں، راز اور مسائل ہم سے شیئر کیے۔ ہم آپ کے اعتماد کے شکرگذار ہیں۔ ہمارے ماہرین سائیکالوجی کے ماہر ہیں اور انسانی ذہن کی اتھاہ گہرائیوں کی تاریکی میں بھاگتے پھرتے ہیں۔ مطمن رہیئے، ہم آپ کی خواہش کے عین مطابق آپ کے لیے جوڑ ڈھونڈ رہے ہیں۔

ہماری سروس کو اپنے ساتھیوں سے متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد تو سب کی خدمت ہے۔

آپ کی خدمتی،

دل آرام

مارکیٹنگ مینجر

دل جوڑ ویب سائیٹ

تیسری ای میل

ڈیئر بسمل صاحب،

آپ کی اپنے جوڑ سے ملاقات اچھی نہیں رہی، اس کا ہمیں بہت افسوس ہے۔ آپ کے مطابق تجویز کردہ جوڑ اپنی تصویر اور لکھی گئی عمر سے کہیں فرق تھا۔ اب یہ تو میک اپ اور فوٹوگرافی کی دنیاکا معجزہ ہے، اور معجزوں کے آگے تو سب بے بس ہیں۔

آپ اگر ہماری ٹرمز اینڈ کنڈیشن کو غور سے پڑھیں تو اس میں واضح لکھا ہے کہ ہم آپ کے جوڑ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، مگر ہم کوئی گارنٹی نہیں دے سکتے۔ علاوہ ازیں ہم خلوص سے یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کی بیان کی گئی خواہشات اگر حسرتیں ہی رہیں تو یہ آپ کی آنے والی دنیا ہی نہیں بلکہ موجودہ دنیا کے لیے بھی بہتر ہے۔

ہمیں یقین ہے کہ آپ ہماری کوششوں کی داد دیں گے کہ ہم نے آپ کے جوڑ کے لیے بہت محنت کی ہے۔ کئی جہانوں میں دیکھا اور ڈھونڈ مچائی رکھی ہے۔ ان تمام کوششوں میں وقت اور افرادی قوت لگتی ہے، سو اس وجہ سے ہم آپ کے پیسے نہیں لوٹا سکتے۔

ہماری سروس کو اپنے ساتھیوں سے متعارف کرانا نہ بھولیے گا کہ ہمارا مقصد تو سب کی خدمت ہے۔

آپ کی خدمتی،

دل آرام

مارکیٹنگ مینجر

دل جوڑ ویب سائیٹ

عاطف ملک
Latest posts by عاطف ملک (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عاطف ملک

عاطف ملک نے ایروناٹیکل انجینرنگ {اویانیکس} میں بیچلرز کرنے کے بعد کمپیوٹر انجینرنگ میں ماسڑز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی آف ویسڑن آسڑیلیا میں سکول آف کمپیوٹر سائنس اور سوفٹ وئیر انجینرنگ میں پڑھاتے ہیں ۔ پڑھانے، ادب، کھیل اور موسیقی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ طالبعلمی کے دور میں آپ نے اپنی یونیورسٹی کا400 میٹر کی دوڑ کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جبکہ اپنے شوق سے کے-ٹو پہاڑ کے بیس کیمپ تک ٹریکنگ کر چکے ہیں۔

atif-mansoor has 74 posts and counting.See all posts by atif-mansoor