بھارت میں ریو پارٹی پر چھاپہ، 31 لڑکیوں سمیت 192 افراد گرفتار، قابل اعتراض اشیا بھی برآمد


اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں پولیس نے ایک فارم ہاوس پر چل رہی ریو پارٹی (Rave party) پر چھاپہ مار کر 192 افراد کو گرفتار کیا ہے، جس میں 31 لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ پولیس نے فارم ہاوس سے کثیر مقدار میں شراب، بیئر، حقہ، تمباکو، لیپ ٹاپ سمیت کئی قابل اعتراض اشیا برآمد کی ہیں ۔ گوتم بدھ نگر ( نوئیڈا ) کے ایس ایس پی نے اس معاملہ میں پولیس کے کردار کی تحقیق کا بھی حکم دیا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق پولیس نے ہفتے کی رات نوئیڈا کے سیکٹر 135 میں واقع ایک فارم ہاوس میں جاری ریو پارٹی پر چھاپہ مارا۔ ایس ایس پی ویبھو کرشن نے بتایا ہے کہ ہفتہ کی رات انہیں سیکٹر 135 میں واقع فارم ہاوس میں ریو پارٹی کی اطلاع ملی تھی۔ مقامی پولیس کو اطلاع دئے بغیر ٹیم کے ساتھ جائے واقعہ پر چھاپہ مارا گیا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ جائے واقعہ سے فارم ہاوس کے مالک منڈولی (دہلی) کے رہنے والے امت تیاگی اور ان کے چار ساتھیوں راہل وہار (غازی آباد) کے رہنے والے کپل سنگھ، بھجن پورہ (دہلی) کے رہنے والے پنکج شرما، آزاد مارکیٹ، باڑہ ہندو راو کے رہنے والے عدنان اور دہلی کے دوارکا کے رہنے والے بالیش کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار لڑکے اور لڑکیوں میں زیادہ تر دہلی، ہریانہ اور کچھ نوئیڈا کے ہیں ۔

ریو پارٹی منعقد کرنے والوں نے فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے توسط سے لوگوں کو اس پارٹی میں مدعو کیا تھا ۔ فی کس 10 ہزار روپے کی فیس طے کی گئی تھی جبکہ لڑکیوں کی مفت انٹری تھی۔ ریو پارٹی میں شراب اور حقہ کے علاوہ پول ڈانس کے ساتھ ساتھ باتھ ڈانس کا بھی بندوبست تھا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پارٹی کے آرگنائزرس کے پاس شراب پلانے کی اجازت نہیں تھی، اس وجہ سے آبکاری محکمہ کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

Facebook Comments HS