عظیم گلوکار مہدی حسن خان صاحب کی داستان ِ حیات
اگست 1947 ء میں سرحدی بٹوارہ اور فنکاروں کی تقسیم
کہا جاتا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، لیکن برطانوی راج کے زوال کے بعد نظریاتی بنیادوں پر ہونے والی برصغیر کی تقسیم نے مختلف مذاہب کے فنکاروں کو بھی بانٹ دیا جس کے بعد مسلمان (اکثر) پاکستان منتقل ہو گئے جن میں مہدی حسن صاحب کا گھرانہ بھی شامل تھا۔ اس وقت ان کی عمر انیس بیس سال تھی۔
جس طرح مہدی حسن صاحب کے گھرانے کو مہاراجوں کی سرپرستی حاصل تھی اسی طرح دوسرے درباروں سے وابستہ فنکاروں کی معاش کا ذریعہ بھی یہی متمول رنچھواڑے، مہاراجے یا جاگیردار تھے مگر اب جاگیرداری نظام بالخصوص انڈیا میں زوال پذیر تھا۔ مذہب کے نام پہ ہونے والی تاریخ کی سب سے خونی ہجرت کی وجہ سے دونوں حکومتوں کی حکومتی، معاشی اور سماجی زبوں حالی کا دور تھا۔ ایسے میں فنکاروں کی ہجرت پاکستان یا ہندوستان ہوئی تھی مگر ان کو سراہنے اور پشت پناہی کرنے والے تو سرحد پار ہی رہ گئے تھے۔
ابتداً پاکستانی نوزائیدہ حکومت کی پالیسی کا رویہ فنکاروں کی قبولیت اور فن کے فروغ کے سلسلے میں مثبت تھا مگر بتدریج قدامت پسندوں کے غلبہ سے دھرپد، تھمرا، دادرا جیسے فن کو جِلا دینے والے جدی پشتی فنکار گھرانے معاشی بدحالی اور عسرت کا شکار ہونے لگے۔ درباری گائیک اور گویوں کی تحقیر ”میراثی“ کہہ کر کی جانے لگی۔ یہ رویہ ہندوستانی حکومت کے برخلاف تھا، جہاں ٹوٹتے جاگیردارانہ معاشرے کے بکھرتے فنکاروں کو حکومت نے اپنی گود میں پناہ دی۔
جے پور (راجھستان) کے دربار سے کوچ کر کے پاکستان آنے والے مہدی حسن کے والد استاد عظیم خان صاحب اور چچا اسماعیل خان صاحب بھی نئے ملک میں مالی تنگدستی کا شکار ہونے لگے۔ انہی کی طرح موسیقی کے دوسرے گھرانے (یہاں گائیکی کے خاص انداز سے وابستہ افراد مراد ہے ) بھی ہجرت کر کے پاکستان آئے جن میں نامور فنکار مثلاًپٹیالہ گھرانے کے استاد برکت علی خان، بڑے غلام علی خان، فتح علی خان، کیرانہ گھرانہ کی روشن آراء بیگم، شام چوراسی گھرانہ کے سلامت علی خان، نزاکت علی خان اور آگرہ گھرانہ کے اسد علی خان وغیرہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ استاد بڑے غلام علی خان صاحب مالی تنگدستی سے پریشان ہو کر دوبارہ ہندوستان چلے گئے اور بقیہ زندگی کامیابی سے گزاری۔
مہدی حسن سب سے پہلے 1946 ء میں تقسیم سے پہلے ہی چیچہ وطنی (ساھیوال) کے ایک گاؤں آئے جہاں مہمند گردھاری داس لال صاحب تھے جو پاکپتن شریف کے پاس زمیندار تھے۔ اور کلاسیکی موسیقی کے شوقین، ان کے پاس کام کرنے والے ملازم پیارے خان صاحب تھے۔ جنہوں نے راجہ جے پور کو خط لکھ کر مہدی حسن صاحب کے خاندان کو بلا بھیجا۔ اس دوران جب ان کے والد عظیم خان پاکستان سے اپنے بقیہ خاندان کو لینے ہندوستان گئے، مہدی حسن صاحب اپنی دادی اور پھوپھی کے پاس رہ گئے۔ اس طرح 14 اگست 1947 ء میں پاکستان کو بنتے دیکھا۔
والد عظیم خان صاحب آل اولاد کو پاکستان لے آئے مگر جائیداد نہ لا سکے۔ دربار سے مستقل وابستگی نہ ہونے کے سبب آمدنی کا ذریعہ ختم ہو چکا تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ بچا کھچا اثاثہ بھی کم ہونے لگا۔ 1947 سے 1952 تک کا دورانیہ وہ ہے کہ جب مہدی حسن خان صاحب کا موسیقی کا ریاض تو مستقل جاری تھا مگر کسب معاش اور روزی کے لیے تگ و دو جاری تھی۔ یہاں آ کر غیر معروف گلوکار نے گلوکاری کے سلسلہ میں امید کا دامن خالی نہ ہونے دیا، لہذا مسلسل ریاض کے ساتھ ساتھ اپنے والد کی ہدایت کے بموجب اکھاڑہ میں کسرت بھی کرتے رہے اور تان پورہ کی مشق بھی جاری رکھی اور روزی کمانے کے لیے حرف شکایت لائے بغیر اپنے میں موجود دوسرے ہنر کو آزمانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے زمانے کے ساتھ جنگ شروع کر دی۔ بقول مہدی حسن صاحب کہ ”زمانہ تم کو آرام سے آسانی سے روٹی دینے کے لیے تیار نہیں جب تک چھینی نہ جائے۔ میں نے ریاضت کی اور 1947۔ 52 تک وہ کام کیے جو ناممکن تھے۔ “
محنت اور عزت سے روزی کمانے میں ایک کام ایسا تھا کہ ان کا جوانی کا شغل تھا اور وقت پہ ان کی کمائی کا ذریعہ بھی بن گیا اور وہ تھا موٹر مکینک کا ٹیکنیکل کام۔
مستری مہدی حسن
بڑے فنکار کی اصل عظمت اس میں ہے کہ وہ اپنے ماضی کی غربت سے شرمسار نہیں ہوتا۔ ریڈیو پاکستان کے حیات محمد خان کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے مہدی حسن صاحب نے اپنی زندگی کے اس دور کا ذکر تفصیل سے کیا کہ جب انہوں نے اپنے باپ عظیم خان صاحب کو جو موسیقی کے استاد تھے ”ٹال والا“ ہونے سے بچالیا اور اس کے لیے انہوں نے خود ”مستری“ بننا قبول کیا۔


