بھارتی الیکشن کے نتائج اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت


دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت بھی پاکستان کی راہ پر چل نکلا ہے۔ سیاست میں غیر سیاسی مداخلت سے جو تباہی اور بربادی پاکستان میں آئی ہے بھارت کو بھی ایک دن اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سفر شروع ہو گیا ہے، منزل بھی مل جائے گی۔ بھارتی فوج، الیکشن کمیشن اور بھارتی عدلیہ کی معاونت سے اندازوں کے عین مطابق بی جے پی کو عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ بھارتی جنتا پارٹی کے اتحاد نے 350 سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگرس کا اتحاد صرف 90 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر پایا ہے۔ راہول گاندھی نے شکست کو تسلیم کرتے ہوئے اسے عوام کا فیصلہ قرار دیا ہے اور نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے جنتا کا فیصلہ قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھارت کی پہلے عام انتخابات ہیں جس میں سیاسی جماعتوں نے فوج، عدلیہ اور طاقتور بھارتی الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے حق میں جانبداری کے الزامات عائد کیے۔ انتہا پسند نریندر مودی کی حکومت نے اپنے اقتدار کے دوران دو مرتبہ پاکستان مین سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کیا اور سیاسی فوائد حاصل کیے جبکہ بھارتی فوج نے دونوں مرتبہ سرجیکل اسٹرائیک کے جھوٹے دعوی کی تصدیق کرتے ہوئے بی جے پی کو سیاسی تقویت پہنچائی۔ کانگرس اور دیگر سیاسی جماعتیں بے بسی کے عالم میں بی جے پی کو سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعووں کے سیاسی فوائد سمٹیتے ہوئے دیکھتی رہیں کیونکہ بھارتی فوج ان دعووں کی تصدیق کر رہی تھی۔

بالا کوٹ پر بھارتی فضائیہ کے حملہ کے دعوی کو بھی بھارتی جنتا پارٹی نے الیکشن سٹنٹ کے طور پر کامیابی سے استعمال کیا اور بھارتی فوج کا دست و بازو بنتے ہوئے بی جے پی کے تمام راہنماؤں نے اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے اپنے ناموں کے ساتھ ’چوکیدار‘ کے لفظ کا اضافہ کیا اس طرح بھارتی عوام کو گمراہ کیا گیا جبکہ بھارتی فوج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم میں فوج کا نام علامت کے طور پر استمال کرنے پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔

پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ پر انتہا پسند مذہبی جماعتوں کی حمایت نیز آئینی اداروں کو دباؤ میں لانے کے الزامات لگتے ہیں۔ پاکستان میں فوج پر کبھی مسلم لیگ ق کبھی پیپلز پارٹی پٹریاٹ، کبھی کنونشن لیگ، کبھی جونیجو، کبھی نواز شریف کبھی تحریک انصاف اور کبھی عمران خان کی حمایت اور پشت پناہی کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ اس صورت حال کی وجہ سے آج پاکستان بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور خطہ کے تمام ممالک کی معیشت پاکستان سے بہتر ہو چکی ہے۔ بھارت میں بھی فوج نے ایک سیاسی جماعت کی حمایت شروع کر دی ہے اور ہندو انتہا پسندی کو خاموشی سے سپورٹ کیا جا رہا ہے۔

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر سے جان چھڑانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے بھارتی جنتا پارٹی، الیکشن کمیشن اور بھارتی عدلیہ کی بتدریج حمایت حاصل کر رہی ہے۔ بی جے پی نے موجودہ الیکشن پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے نام پر لڑے ہیں اور اپنے منشور میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ نریندر مودی کو جس طرح کی لینڈ سلائڈ فتح حاصل ہوئی ہے مستقبل قریب میں بھارتی عدلیہ اور فوج کی حمایت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم ہوتی نظر آ رہی ہے۔

پاکستانی معیشت کے جو حالات ہیں اور اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے جو الزامات ہیں اور جس طرح 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح پر انگلیاں ا اٹھائی جا رہی ہیں۔ جس طرح ملک کی مقبول سیاسی قیادت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگایا گیا ہے ملک میں قومی یکجہتی تباہ ہو چکی ہے اور بڑھتی ہوئی پختون قوم پرستی نے حکمت سازوں کو مضطرب کر رکھا ہے۔

ان حالات میں نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاک فوج کا ردعمل کیا ہو گا؟ یہ ایک ملین ڈالر سوال ہے۔ بی جے پی کی کامیابی کا استقبال شاہین میزائل کے تجربہ سے کیا گیا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا گھر میں اتنے دانے موجود ہیں کہ بھارتیوں کو فوجی طاقت سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے سے روکا جا سکے؟

بھارتی اگر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان کے پاس کیا آپشن ہیں۔ امریکی افغانستان کی وجہ سے ناراض ہیں۔ ملک اندرونی عدم استحکام کا شکار ہے۔ چینی بھی ناراض ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ماضی کے اثاثے دہشت گرد قرار پا چکے ہیں اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے۔ جنرل مشرف نے چناب فارمولہ کے ذریعے ادھر ہم ادھر تم کی کوشش کی تھی لیکن پراسرار ہاتھ نے وکلا تحریک شروع کرا دی اور جسٹس افتخار چوہدری ایسا بزدل جج جس نے جنرل مشرف کا پی سی او حلف قطار سے نکل کر قبول کیا تھا، بغاوت کر گیا اور معاملات اس نہج پر پہنچ گئے کہ جنرل مشرف کو اقتدار چھوڑنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی چناب فارمولہ بھی ختم ہو گیا۔

بنیادی سوال اس وقت بھی یہی ہے کہ اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تو پاکستان کا ردعمل کیا ہو گا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).