کیا نیب سیاست زدہ ہو رہا ہے؟


کرپشن کے مقدمات میں نیب کا رویہ ایک جیسا نہیں کچھ مقدمات میں پورا زور لگاتا ہے کچھ میں پوچھتا تک نہیں نیب سیاست زدہ کیوں ہو رہا ہے؟ نیب نے کر نا کچھ نہیں بس سب کو عذاب میں ڈال رکھا ہے کوئی ایک کیس بتا دیں جہاں اس نے پوری ریکوری کی ہو، مشتاق رئیسانی کیس میں نیب کے بڑوں پر مقدمہ بننا چاہیے، گھر سے اربوں روپے نکلنے کے بعد نیب پری بارگیننگ کے لیے پیچھے پڑگیانیب مقدمات کے لیے کوئی ایک اصول بنا لے۔ سپریم کورٹ نے مشتاق رئیسانی کیس میں ضمانتیں مسترد کیں تو نیب نے ماتہت عدالت سے ملزم رہا کروا لیے، مقامی پراسیکیوٹر تو لگتا ہے ہر پیشی پر پیسے لے کر چلا جاتا ہے کرپشن مقدمات میں نیب جانے ان کا ایمان جانے یہ پانچ ارب کا کیس ہے۔

یہ سارے الفاظ میرے نہیں سپریم کورٹ کے جج جناب گلزار احمد کے ہیں یہ ساری باتیں کچھ ماہ پہلے جسٹس گلزار احمد نے سارنگ لطیف کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت کے دوران کہیں تھیں، لیکن آج کل کہا جارہا ہے نیب کو پہلے سیاست دانوں کی وفاداریاں تبدیل کروانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا مگر جب سے جناب جسٹس (ر) جاوید اقبال صاحب نیب کے چیئرمین بنے ہیں تب سے نیب میں انقلاب آگیا ہے کوئی سیاسی بھرتی کی جاتی ہے نا ہی سیاسی پھرتی دکھائی جاتی ہے۔

لیکن یہ بات بھی چیف جسٹس آف پاکستان جناب آصف سعید کھوسہ نے غلط ثابت کردی پانچ ماہ پہلے اسلام آباد میں اسپتال کی تعمیر سے متعلق مقدمے میں چئیرمین نیب پر شدید برہم ہوئے اور کہا کہ نیب کو ایک درخواست کہیں سے آتی ہے لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا شروع کر دیتے ہیں کیا نیب کے علاوہ سارے چور ہیں؟ ایک درخواست پر لوگوں کی عزت ختم کر دیتے ہیں لاہور میں نیب کی ایک بی بی بیٹھی ہے جو لوگوں کو بلیک میل کرتی ہے وہ بی بی اپنے کام کروا رہی ہے نیب چیئر مین اور پراسیکیوٹر چیمبر میں پیش ہوں !

ویسے میں تو جسٹس گلزار احمد کی بات سے متفق ہوں جو انہوں نے سوال اٹھایا کہ نیب سیاست زدہ کیوں ہو رہا ہے؟ اور اس بات سے بھی کہ نیب نے کرنا کچھ نہیں بس سب کو عذاب میں ڈال رکھا ہے کیوں کہ اگر نیب نے کچھ کرنا ہوتا تو براڈ شیٹ جو املاک ریکور کرنے والی فرم ہے اس کے خلاف لندن کی عدالت میں کیس نہ ہارتا۔ کیوں کہ کیس تو بہت آسان تھا نواز شریف، آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کے منی لا نڈرنگ زدہ اثاثے ثابت کرنے تھے لیکن وہاں پر نیب کو ایک بھی ثبوت نہیں ملا جس کا نقصان یہ ہوا کہ نیب کو (چھ لاکھ) ڈالر کا جرمانہ کر دیا گیا۔ کیا یہ جرمانہ چیئرمین نیب اپنی جیب سے ادا کریں گے؟

چیئرمین نیب کا حالیہ دنوں میں جو سکینڈل سامنے آیا اس پر بات کرنے کا حق ہمیں حاصل نہیں کیونکہ وہ ان کا پرسنل معاملہ ہے، اس سے احتساب کو کیا فرق پڑے گا احتساب تو جاوید اقبال صاحب کرتے رہیں گے، فرق شاید تب پڑتا ہے جب چیئر مین نیب اپنی ڈیوٹی کے دورانیہ میں کسی سے سر سے پاؤ ں تک کی باتیں کریں کیونکہ کرپشن کی تعریف تو ہمارے دانشور حضرات کے نزدیک یہی ہے۔ ”اپنی ڈیوٹی کے دوران پرسنل فون کال کا سننا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے“۔

بہرحال نیب سیاست زدہ ہے؟ یعنی کسی ایک سیاسی پارٹی سے ملنے والی ہدایات پر عمل کرکے دوسری سیاسی پارٹی پر کرپشن کے کیسز کھولنے سے نیب سیاست زدہ کہلایا جا سکتا ہے۔ اب کچھ کیسز پر نظر دوڑانے سے معلوم پڑ سکتا ہے کیا حقیقت میں ایسا ہے یا محض الزام ہے نیب پر، پشاور میٹرو پراجیکٹ سو ارب سے تجاوز کر گیا نیب کہاں ہے تحقیقات کیوں نہی کر رہا؟ وزیراعظم عمران خان نیازی کا خیبرپختونخواہ میں ہیلی کاپٹر کا ذاتی استعمال کرنے کا کیس بند کیوں پڑا ہے؟

چوہدھری برادران کے خلاف کرپشن کے کیسز بند کیوں کیے گئے؟ پاناما پیپرز میں مونس الہٰی کا نام بھی آیا تھا ان کے کیسز کی فائل پر نیب کی رسائی ممکن کیوں نہی ہو رہی؟ ڈاکٹر فردوس عاشق عوان کو حکومتی عہدہ ملتے ہی نیب کو کس نے کہا کہ آئیندہ ان کی طرف نظر اٹھا کر بھی دیکھا تو۔ ۔ ۔ دیں گے؟ مجھے سمجھ میں آتا کہ آخر جاوید اقبال جیسا بہادر انسان جو احتساب کے معاملے میں اے سے لے کر زیڈ یعنی سر سے پاؤں تک کسی کو خاطر میں نہی لاتا اس کو کو ن مائی کا لال اپنی مرضی سے ہدایات جاری کر سکتا ہے؟

نہی ایسا بالکل بھی نہیں ہے محض وہم و گمان ہے کچھ لوگوں کا، جاوید اقبال صاحب پاکستان کا ایک خاص ادارہ لے کر چل رہے ہیں آخر ایک وقت میں کتنے سیاست دانوں کا احتساب کر سکتے ہیں، تھوڑا وقت دیں آپ نے گھبرانا نہیں ہے اپوزیشن کا احتساب ختم ہوتے ہی حکومتی ارکان کا احتساب بھی جلد ہی عمل میں لایا جائے گا کیونکہ عمران خان صاحب کسی کرپٹ انسان کو پرداشت نہی کر سکتے، اور کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ حکومتی ارکان کا احتساب کب تک ممکن ہے؟

حکومت کے پانچ سال پورے ہوتے ہی جب یہی ارکان اپوزیشن میں بیٹھیں گے تب تک نیا چیئر مین بھی آچکا ہو گا جو ان کا بھی احتساب کرے گا کیونکہ احتساب کا عمل جاری رہے گا اگر آج اپوزیشن کا ہو رہا ہے تو کل حکومتی ارکان کا بھی ہوگا لیکن تب یہ حکومت اپوزیشن میں تبدیل ہو جائے گی۔ اس لیے اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ نیب سیاست زدہ ہو گیا ہے تو وہ نیب کی ہسٹری کو غور سے پڑھے شاید کہیں جا کے پھر معلوم ہو کہ نیب بنایا ہی اسی مقصد کے لیے تھا !


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).