حکومت ہی مفتی پوپلزئی کے کنٹرول میں دے دیں: مفتی منیب الرحمان


مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے مرکزی رویت ہلال کی چیئرمین شپ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دینے کی تجویز پر بھنا کر مشورہ دیا ہے کہ حکومت ہی مفتی پوپلزئی کے ہاتھوں میں سونپ دی جائے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان کو آرام دینے اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی بنانے کا مشورہ دینے کے جواب میں مفتی منیب نے کہا ہے کہ حکومت ہی مفتی پوپلزئی کے کنٹرول میں دے دیں۔ تمام کام چوبیس گھنٹے پہلے ہو جایا کریں گے بلکہ پشاور بی آر ٹی بھی حوالے کر دیں، شاید جلدی مکمل ہو جائے۔

خیال رہے کہ شوکت یوسفزئی نے ذاتی رائے دیتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کی چیئرمین شپ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دینے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ مفتی منیب کو اب آرام دے دیا جائے اور یہ ذمہ داری مفتی پوپلزئی کے سپرد کی جائے کیونکہ ان کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے رویت کے مسئلے کے حل کیلئے قمری کیلنڈر اور ایپلی کیشن کو وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہمارے بزرگ ہیں، میں ان کا احترام کرتا ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).