خواتین اپنے شوہروں سے بے وفائی کیوں کرتی ہیں؟

عورتوں اور مردوں کی اپنے شریک حیات سے بے وفائی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں تاہم اب بھارت میں ہونے والے ایک سروے میں خواتین کے اپنے شوہروں سے بے وفائی کرنے کی کچھ حیران کن وجوہات سامنے آئی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ سروے شادی شدہ لوگوں کو غیرمرد و خواتین کے ساتھ تعلق قائم کرنے میں مدد دینے کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشن ’گلیڈن ‘ (Gleeden)نے کیا ہے جو بھارت میں بہت مقبول ہے۔
اس ایپ کے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ بھارت میں ہر 10 شادی شدہ خواتین میں سے 7 اپنے شوہر کے ساتھ بے وفائی کرتی ہیں۔ سروے میں 77 فیصد خواتین نے اعتراف کیا کہ وہ محض اس لیے اپنے شوہروں سے بے وفائی کرتی ہیں کیونکہ وہ یکسانیت سے اکتا چکی ہوتی ہیں۔ 58 فیصد نے یہ حیران کن وجہ بیان کی کہ ان کے شوہر گھر کے کام کاج میں ان کا ہاتھ نہیں بٹاتے جس کی وجہ سے تنگ آ کر وہ ان کے ساتھ بے وفائی کرتی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس ایپلی کیشن کے بھارت میں 5 لاکھ سے زائد سبسکرائبر ہیں اور یہ سروے نتائج ان پانچ لاکھ بھارتی مردوخواتین پر مشتمل ہیں۔ سروے کے نتائج میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت کے بڑے شہروں ممبئی، نئی دہلی اور کلکتہ وغیرہ میں بیویوں کے اپنے شوہروں سے بے وفائی کرنے کی شرح چھوٹے شہروں کی نسبت زیادہ ہے۔ ایپلی کیشن نے اعدادوشمار میں بتایا ہے کہ ان کی ایپلی کیشن پر جتنے بھارتی موجود ہیں ان میں 30فیصد خواتین ہیں اور ان میں سے اکثریت 34 سے 49 سال تک کی عمر کی خواتین کی ہے۔

