جاویدین کی معیت میں


\"javed-ghamidi-siftain-khan\"

پچھلے چند دن دو جاوید صاحبان کی محفل میں حاضری کا موقع ملا۔ احمد جاوید اور جاوید احمد غامدی۔ دونوں شخصیات عظمت کے کئی مشترکات اور علم کی کئی جہات کی حامل ہیں۔ علم کی چوٹی پر ہونے کے باوجود انکساری کا مرقع۔ نفاست کا پیکر۔ دونوں ہماری علمی روایت کا تسلسل۔ اول الذکر صوفیانہ روایت کا اور ثانی الذکر اسلامی عقلیات کا۔ ایک کے ہاں فلسفہ زبان و اسلوب کی خوبصورتی میں ڈھلتا ہے تو دوسرا شریعت کو فلسفہ سے نجات دلاتا ہے۔ ایک کے ہاں ابلاغ مشکل پسند جبکہ دوسرا دقیق کلام کو آسان فہم بنانے کی صلاحیت کی علامت۔ ایک رومی کا شارح دوسرا قرآن کا مفسر۔ احمد جاوید متن کو سمجھانے کے ہنر کے ماہر۔ جاوید غامدی ہمیشہ کی طرح ذہنی اشکالات کو رفع کرتے غور کا سلیقہ سکھاتے عالم۔ احمد جاوید جدیدیت سے نالاں و گریزاں۔ جاوید غامدی ایسے کسی تصور کے شریعت پر اطلاق کے منکر۔ ایک انسان کے باطن کو تصوف کے ذریعے احسان کے درجے تک لے جانے کے آرزومند دوسرا عقل کو شریعت پر مطمئن کرنے کی تگ و دو کرنے اور اسی کے ذریعے حقیقی ایمان کی دریافت کا مبلغ۔ سیاسی اسلام کے موجودہ تصور کو خود اسلام کے لیے نقصان دہ سمجھنے والا۔

جاوید غامدی ساختیات و پس ساختیات کی فلسفیانہ بحثوں کو لایعنی اور کمزور بنیادوں پر استوار سمجھنے والے جو عنقریب معدوم ہو جائیں گی۔ قطعی الدلالہ کی بحث و تصور کو خدا کے کلام پر اعتماد کے لیے ضروری قرار دینے والے اور اسے متکلم و مخاطب کے بجائے نفس کلام پر منتج کرنے والے۔ فلسطینی مسلح جدوجہد کو محض اسرائیل نہیں عالمی طاقتوں کے خلاف جنگ قرار دینے والے جس میں کبھی کامیابی ممکن نہیں۔ اپنے تفردات کو مسلم علمی روایت میں متقدمین کے ہاں بھی موجود پانےکی طرف توجہ دلانے والے۔ لہذا علمی دیانت و خلوص نیت کے تقاضے کے طور پر تنقید کو ان اسلاف سے شروع کرنے پر اصرار کرنے والے اور اسی اصول پر بہت سے نقادوں کو خاطر میں نہ لانے والے۔ جواب کے لیے حسن ارادہ و حقیقی غلط فہمی کے وجود کو ناگزیر کہنے والے۔ سخت ترین ناقدوں کو ہمیشہ اپنے تک براہ راست رسائی کی ترغیب دے کر ان کے سخت سوالوں کو خوش آمدید کہنے والے۔ علم کے ارتقا کو تشکیک نہیں سچی قوی تنقید پر استوار کرنے کے پرچارک۔

احمد جاوید و جاوید غامدی۔ ۔ اللولو والمرجان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments