اگر میں تشدد کرتا تھا تو حمائمہ ملک اب بھی میری ماں سے ملنے کیوں جاتی ہے؟ شمعون عباسی


اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی نے اپنی سابق اہلیہ حمائمہ ملک کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کی تردید کی ہے۔ شمعون عباسی نے فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ انہیں اس وقت دھچکا لگا جب ان کی سابق اہلیہ حمائمہ ملک کے اس سٹیٹس کو، جس میں انہوں نے گھریلو تشدد کے بارے میں بات کی تھی، ان کی طرف غلط طور پر منسوب کیا گیا۔ اداکار نے کہا کہ وہ اور حمائمہ شادی ختم ہونے کے بعد بھی اچھے دوست ہیں، ’وہ میری گرل فرینڈ نہیں، بیوی تھی۔ وہ میرے نکاح میں تھی اس لیے میں اس کی اور اس کی اہل خانہ کی عزت کرتا تھا۔‘

شمعون عباسی نے کہا کہ ان کی علیحدگی کو 5 سال ہو چکے ہیں اور ہر جوڑے کی طرح ان کی بھی کچھ باتیں تھیں۔ وہ بہت سی باتوں پر جھگڑا بھی کرتے تھے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ ایک دوسرے کو نقصان پہنچائیں،

’جب سے ہمارے درمیان علیحدگی ہوئی ہے میں ہمیشہ ہی سوچتا ہوں کہ شاید میں اس کے کیریر کے لئے ٹھیک نہیں تھا، میں نے ہمیشہ اس کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی اور یہ امید کی کہ اس کی شادی اس شخص کے ساتھ ہو جو اس کے لئے مجھ سے بہتر ہو۔‘

شمعون عباسی نے حمائمہ ملک کی پوسٹ کے اس حصے کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک اور رشتے میں سات  سال تک تشدد برداشت کرتی رہی ہیں۔ اداکار نے کہا کہ انہیں یہ بات سن کر بہت ہی برا لگا، ہم دونوں کی شادی تین سال تک قائم رہی لیکن اس کے دوسرے ریلیشن شپ کے بارے میں مجھے علم نہیں ہے، مجھے یہ بتانے میں خوشی ہو رہی ہے کہ ہم اب بھی ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں۔

شمعون عباسی کے مطابق حمائمہ ملک کی اب بھی ان کے بہن بھائیوں کے ساتھ اچھی دوستی ہے اور وہ اکثر ان کی ماں سے ملنے بھی جاتی ہیں۔ دو مہینے پہلے ہی حمائمہ نے شمعون کو فون کر کے ایک فلم پر اکٹھے کام کرنے کا کہا تھا لیکن ٹائم نہ ہونے کے باعث انہوں نے یہ پراجیکٹ اگلے سال پر چھوڑ دیا۔

شمعون عباسی نے اپنی پوسٹ پڑھنے والوں سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اس پر حمائمہ ملک کے خلاف کوئی تبصرہ نہ کریں کیونکہ انہوں نے سوشل میڈیا جنگ شروع کرنے کے ارادے سے یہ پوسٹ نہیں کی بلکہ دوستانہ ماحول میں اپنی صفائی پیش کی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز پہلے اداکارہ حمائمہ ملک نے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تین سالہ شادی شدہ زندگی کے دوران انہیں اس قدر تشدد برداشت کرنا پڑا کہ کئی بار تو وہ موت کے منہ تک پہنچ گئی تھیں۔ انہوں نے شادی کے بعد ایک اور رشتے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا یہ رشتہ سات سال قائم رہا اور اس میں بھی انہیں اسی قسم کے تجربے سے گزرنا پڑا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).