جاوید احمد غامدی اور اخلاقی معیارات


\"aasem-bakhshi\"

اخلاقی معیارات کے تقابل کی بحث بھی بہت دلچسپ ہے۔ غامدی صاحب کی کتاب ”برہان“ میں موجود تنقیدی تحریریں یقینا ایک نامناسب اور غیر ضروری مناظرانہ اسلوب اور طنزیہ کاٹ رکھتی ہیں جسے زیادہ سے زیادہ غیر ضروری دانشورانہ تکبر و تعلی کہا جا سکتا ہے۔ لیکن دوسری طرف مہذب اور قابل احترام (غیر مہذب اور ناقابلِ احترام بازاریوں کو تو خیر چھوڑیئے) روایتی علماء کو اس قسم کے نثری اسلوب میں طنزیہ پیرائے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں پڑتی۔ بھلا وہ کیوں اس نثری مہارت کے جوہر دکھائیں کہ طنزیہ جملوں سے مخالف پر چوٹ لگائیں؟ آخر ان کے پاس اصطلاحی طاقت ہے تو وہ اصطلاح سے کام لے کر ایسی پھبتی کیوں نہ کسیں کہ مخالف کا جینا دو بھر ہو جائے؟

سو وہ جب چاہیں آپ پر معتزلہ, متجددین, گمراہ, منکر حدیث, تخفیف حدیث, وغیرہ کے الزامات لگا کر عامہ المسلمین کو آپ کے شر سے خبردار کر سکتے ہیں۔ آگے اس کو پھیلا کر نمک مرچ لگانے کا کام ان کے مقلدین و متاثرین فلاں کے شر سے بچاؤ کا فیس بک پیج بنا کر یا پمفلٹ تقسیم کر کے بخوبی کر سکتے ہیں۔ اس نیم علمی کاروبار میں کوئی سکہ بند عالم ہی نہیں مانا جاتا اگر گمراہ فرقوں اور یہود و ہنود اور مغربی تہذیب کے ایجنٹوں پر کوئی تین چار متن اور دروسی عبارات مارکیٹ میں نہ لا چکا ہو۔ ایک برہان نامی کتابچہ اس پوری تہذیبی روایت کے آگے کیا بیچتا ہے جہاں عالمانہ دروس میں طبقہ متجددین پر چوٹ کے لئے

تہذیبِ نو کے منہ پہ وہ تھپڑ رسید کر
جو اس حرامزادی کا حلیہ بگاڑ دے

جیسے شعر خون گرمانے کے لئے استعمال کئے جاتے ہوں۔ اسی سے یہ لطیفہ یاد آیا کہ بازوؤں کے بغیر قمیص میں ملبوس ایک پاکستانی خاتون صحافی نے مرحوم و مغفور ڈاکٹر اسرار صاحب پر اپنے بارے میں اس سرگوشی کا الزام لگایا کہ \”ویسٹ نے اس حرامزادی کا حلیہ بگاڑ دیا\” تو تنظیم اسلامی سے یہ وضاحت پیش کی گئی کہ ڈاکٹر صاحب دراصل اکبر الہ آبادی کے شعر سے تہذیب جدید پر تنقید فرما رہے تھے اور محترم خاتون کو یقیناََ غلط فہمی ہوئی ہے۔

عاصم بخشی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عاصم بخشی

عاصم بخشی انجینئرنگ کی تعلیم و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ ادبی تراجم اور کتب بینی ان کے سنجیدہ مشاغل ہیں۔

aasembakhshi has 79 posts and counting.See all posts by aasembakhshi

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments