حسن علی نے بھارتی لڑکی سے شادی کا فیصلہ کر لیا
پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی نے بھارتی لڑکی شامیہ آرزو سے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ حسن علی کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہےکہ ان کے اور شامیہ کے اہل خانہ کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی بھارت کے شہر دہلی کی رہائشی شامیہ آرزو سے 20 اگست کو دبئی میں نکاح کریں گے جبکہ شادی اگلے سال 2020ء پاکستان میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی فاسٹ بالر حسن علی کو بھارتی لڑکی پسند آ گئی تھیں۔ شامیہ آرزو نے انگلینڈ میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق شامیہ آرزو اپنے والدین کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں اور دبئی میں ہی ملازمت کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ حسن علی بھارتی خاتون سے شادی کرنے والے چوتھے پاکستانی کر کٹر ہوں گے۔ اس سے قبل شعیب ملک نے ہندوستان کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی۔ پاکستان کے دوکرکٹرز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی ہندوستانی خواتین سے شادی کی تھی۔

