فاکس نیوز کے میڈیا ٹائیکون کا سیکس سکینڈل: فلم ’بامب شیل‘ کے ٹریلر نے دھوم مچا دی
فاکس نیوز کے سیکس سکینڈل کے گرد گھومتے حقیقی واقعات پر مبنی ہالی ووڈ کی نئی فلم ’بامب شیل ‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی۔ ہدایت کار جے روچ اور مصنف چارلس رینڈولف کی تحریر کردہ فلم ’بامب شیل‘کا ٹیزر ماضی میں فاکس نیوز سے وابستہ خواتین کے فاکس نیوز کے بانی راجر آئس پر عائد کردہ الزامات میں شامل خفیہ نیٹ ورکس کے شامل ہونے کا پتہ دیتا ہے۔
01 منٹ 27 سیکنڈ پر مبنی فلم کے ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاکس نیوز کی تین خواتین اینکر انتہائی بے چینی کی کیفیت میں ایک لفٹ میں سوار ہیں۔ اس دوران فلم کے ڈائریکٹر جے روچ کی آواز سنائی دیتی ہے، ’جو کچھ سرگوشی سے شروع ہوا تھا ، سب ختم ہوجائے گا‘۔
شائقین فلم کو بامب شیل کا بے صبری سے انتظار ہے۔ گوگل کے ٹرینڈز پر ’بامب شیل‘ سرفہرست ہےاور اسے اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد گوگل پر سرچ کر چکے ہیں اور اس فلم میں کرداروں اور کہانی سے وابستہ چیزیں شیئر کر رہے ہیں۔ یہ فلم رواں سال 20 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ فاکس نیوز کی 50 سالہ اینکر گریچن کارلسن نے 2016 میں چینل کے سابق سی ای او 76 سالہ راجرایلس پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے جنسی تعلقات قائم نہ کرنے کی پاداش میں نہ صرف انہیں ٹی وی شو سے علیحدہ کیا بلکہ ان کی تنخواہ بھی کاٹ لی۔ گریچن کی جانب سے الزا م عائد کیے جانے کے تین ہفتے بعد راجر ایلس جولائی 2016 میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔



