بلاول بھٹو نے دیوسائی میں اپنے نوجوان ساتھی عثمان غازی کی سالگرہ کا کیک کاٹا


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسکردو اور استور کے راستے میں دنیا کے بلند ترین 13 ہزار فٹ بلندی پر سطح مرتفع دیوسائی کے مقام پر مختصر قیام کیا جہاں انہوں نے بلاول ہاؤس کے میڈیا مانیٹرنگ اینڈ رسپانس سیل کے انچارج عثمان غازی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ عثمان غازی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایونٹس کی میڈیا منجمنٹ کرتے ہیں۔ عثمان غازی گزشتہ عام انتخابات سے قبل پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ منسلک ہوئے تھے۔ عثمان غازی “ہم سب آن لائن” کے بانی لکھاریوں میں سے ایک ہیں۔

اسکردو سے استور جاتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آٹھ گھنٹے طویل دشوار گزار پہاڑی راستوں پر سفر کیا اور استور میں جلسے کے بعد زمینی راستے ہی سے واپس اسکردو آئے۔ دیوسائی کے بلند ترین مقام پر یہ کسی بھی قومی لیڈر کا پہلا دورہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب دیوسائی میں بڑا پانی اور شیوسر جھیل کے مقامات پر پہنچے تو سیاحوں نے بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔ اسکردو اور استور کے درمیانی راستے میں عوام نے چیلم، داس کھیرم، نوگام اور گوری کوٹ کے مقامات پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا زبردست استقبال کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).