اسٹاک مارکیٹ 5 برس میں پہلی بار ساڑھے 29 ہزار سے نیچے آ گئی: ایک کھرب 6 ارب 5 کروڑ روپے ڈوب گئے


پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست مندی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس 308 پوائنٹس کی کمی کے بعد  29 ہزار 429  پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ رواں ہفتے کے دوران 2237 پوائنٹس گری ہے۔ 5 برس کی تاریخ میں پہلی بار نچلی ترین سطح پر آئی ہے، آج پہلی بار شیئر بازار ساڑھے 29 ہزارسے نیچے گیا۔

پاکستانی شیئرز بازار میں ہفتے کے 5 کاروباری دنوں میں رجحان منفی رہا، کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس میں  308 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

100  انڈیکس نے آج 703 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار کیا، کاروباری دن میں 7 کروڑ 64 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، جن کی مالیت 3 ارب روپے سے زائد رہی۔

مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن آج 29 ارب روپے کم ہوکر 6 ہزار 20 ارب روپے ہو گئی ہے۔ اس مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 6 ارب 5 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے۔ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 20.41 فیصد کم جبکہ 73.96 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

جمعرات کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران ایس ای 100 انڈیکس 30801 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم پاک بھارت کشیدگی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور خراب معاشی صورت حال کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).