امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ایلس ویلز کا بھارت کے لئے یک جہتی کا حیران کن پیغام


پاکستان اور بھارت میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ایک حیران کن معاملہ  سامنے آیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے 9 ستمبر سے شروع ہونے والے اجلاس سے صرف چار روز قبل جنوب وسطی ایشیا کے لئے امریکا کی اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ایلس ویلز نے 5 ستمبر کو ایک ٹویٹ جاری کیا ہے جس کے مندرجات سے اندازہ ہوتا ہے کہ امریکا اور بھارت میں سٹریٹجک تعاون نئی جہتوں میں مزید آگے بڑھ رہا ہے۔

 5 ستمبر (جمعرات) کو جاری کئے گئے اس ٹویٹ میں ایلس ویلز نے بھارت سے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی تعریف کی ہے کہ اس نے نئے دستیاب قانونی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چار بدنام زمانہ دہشت گردوں کو نشان زد کر لیا ہے۔ ٹویٹ میں ان دہشت گردوں کے نام بھی دیے گئے ہیں؛ مولانا مسعود اظہر، حافظ سعید، ذکی الرحمن لکھوی اور داؤد ابراہیم۔ اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ایلس ویلز نے امید ظاہر کی ہے  کہ اس نئے قانون سے بھارت اور امریکا میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے تاکہ دہشت گردی کے عفریت کو زیادہ موثر طریقے سے ختم کیا جا سکے۔ (یہ امر قابل تشویش ہے کہ ان چار افراد میں سے داؤد ابراہیم بھارتی باشندہ ہے اور پاکستان نے ہمیشہ اس کی پاکستانی زمین پر موجودگی سے انکار کیا ہے۔)

یاد رہے کہ بھارت کی طرف سے 5 اگست کو دستور کی شق 370 اور 35-اے ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے عین ایک روز بعد اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ ایلس ویلز پانچ روزہ دورے پر پاکستان آئی تھیں لیکن حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان ان سے کوئی ٹھوس یقین دہانی حاصل نہیں کر سکا۔ اس کے برعکس اسسٹنٹ سیکریٹری ایلس ویلز پاکستان کو متنبہ کرتی رہیں کہ افغانستان کے معاملات کو کشمیر کے ساتھ منسلک کرنے سے گریز کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).