طاہر القادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا


پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے اور پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ پارلیمینٹ کا حصہ بن کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔  پارلیمنٹ میں سب کچھ ہوتا ہے لیکن عوامی فلاح اور بہبود کیلئے کچھ نہیں ہوتا۔

طاہر القادری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری سیاست میں غریب اور متوسط طبقے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ زیادہ تر ارکان پارلیمینٹ صرف اور صرف اقتدار کے لئے زندہ رہتے ہیں۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہادتیں تحریک کی جاری جدوجہد کا ایک نتیجہ تھیں۔ تین ماہ تک عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے نتیجے میں احتساب کا ایک عمل شروع ہوا۔ طاہر القادری نے کہا کہ مجھے تصنیف وتالیف کے بے پناہ کام اور صحت کے مسائل ہیں۔ اس لئے پاکستان کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ میں اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے رہا ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).