راجن پور میں ماں نے اپنی بیٹی کی شادی سوتیلے باپ سے کر دی


راجن پور میں سگی ماں اور سوتیلے باپ کے ہاتھوں کم سن بیٹی کے جنسی استحصال کا ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور میں سوتیلے باپ نے اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ زبردستی نکاح کر لیا۔ بچی انصاف کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو حوالات میں بند کر دیا ۔

یہ واقعہ سٹی تھانہ راجن پور کی حدود بسم اللہ کالونی میں پیش آیا جہاں اشرف میواتی نامی شخص نے اپنی 14سالہ سوتیلی بیٹی حنا سے زبر دستی نکاح کر لیا۔ حنا نے پولیس کو بتایا ہے کہ میں چھوٹی سی تھی جب میری والدہ کو طلاق ہوئی اور ہم راجن پور آ گئے۔ میری والدہ نے اشرف نامی شخص سے شادی کر لی۔

جب میں بڑی ہوئی تو میرا سوتیلا والد محمد اشرف میواتی میرے ساتھ میری مرضی کے خلاف کئی بار زنا کرتا رہا۔

میں نے اپنی والدہ کو بھی اس بارے میں بتایا مگر شروع شروع میں انہوں نے میری بات کا اعتبار نہ کیا۔ بعد میں میری والدہ نے مجھے اپنے سوتیلے والد محمد اشرف کے ساتھ نکاح کرنے کا مشورہ دیا۔ جب میں نے انکار کیا تو میرا نکاح زبردستی 27 اگست 2019ء کو میرے سوتیلے والد اشرف میواتی سے کر دیا گیا۔ اس زبردستی کے نکاح کے بعد بھی محمد اشرف نے میرے ساتھ کئی بار زیادتی کی۔

میں نے تنگ آ کر اس بارے میں اہلِ علاقہ کو بتایا تو انہوں نے مجھے قانونی کارروائی کرنے کا مشورہ دیا۔ مجھے میری ماں نے ہر بار یہی کہا کہ اس بارے میں کسی کو بتانا نہیں۔

تھانہ سٹی راجن پور نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں اور دستاویزات میں تضاد ہے۔ لڑکی کی عمر ب فارم میں 14 سال جبکہ ایف آئی آر میں 19 سال لکھی گئی۔ لڑکی کے مطابق پولیس کے جانب سے لگائی جانے والی دفعات بھی مکمل ایف آئی آر کے مطابق نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).