مسلم لیگ (ن) مذہب کو متنازع بنا کر دھرنے میں نہیں جائے گی


مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میری جماعت مذہب کو متنازع بنا کر دھرنے میں نہیں جائے گی۔ میں ذاتی طور مذہب کارڈ استعمال کرنے کے خلاف ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے جمیعت علمائے اسلام ف کے حکومت مخالف دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت مذہب کو استعمال کر کے حکومت کو نشانہ بنانے سے گریز کرے گی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی جماعت سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے مذہب کا استعمال کرنے کے سخت مخالف ہے۔ ان کی رائے میں مذہب کا استعمال کر کے حکومت کو نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہیئے۔ ان کا خیال ہے کہ ان کی جماعت مسلم لیگ ن مذہب کا غلط استعمال کر کے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اگر حمایت بھی کی جائے گی تو وہ سیاسی مقاصد کی وجہ سے کی جائے گی۔ ماضی میں مسلم لیگ ن کی حکومت اور رہنما مذہب کے نام پر نفرت اور حملوں کا نشانہ بنے۔ احسن اقبال پر گولی چلائی گئی جبکہ مجھ پر سرعام سیاہی پھینکی گئی۔ ہمیں اندازہ ہے کہ مذہب کا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کتنا خطرناک ہوتا ہے، اس لیے ہماری جانب سے ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).