مجھے اپنے سابق محبوب سے آج بھی محبت ہے، اس کی خوشی میں خوش ہوں: صبا قمر
پاکستان کی صف اول کی اداکارہ صبا قمر نے اپنی ناکام محبت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میں جس شخص سے محبت کرتی تھی اسے کسی اور کے ساتھ دیکھ کر برا لگتا ہے لیکن میں اس کی خوشی میں خوش ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ صبا قمر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی محبت اور اسے حاصل نہ کرنے کا تجربہ اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرتی نظر آرہی ہیں۔ حال میں ایک انٹرویو کے دوران صبا نے کہا کہ وہ جس شخص سے محبت کرتی تھیں اس کی شادی کو بھی کئی برس بیت چکے ہیں اور اس کا ایک بیٹا بھی ہے۔ تاہم آپ کو جس سے محبت ہو اسے کسی اور کے ساتھ دیکھ کر برا لگتا ہے۔
صبا قمر نے اس شخص کا نام بتانے سے گریز کیا جسے وہ پسند کرتی تھیں لیکن یہ ضرور بتا دیا کہ اس کا تعلق بھی شوبز انڈسٹری سے تھا اور وہ ماڈلنگ کر چکا ہے۔ صبا قمر نے بتایا کہ جب انہیں محبت میں ناکامی ہوئی تو انہوں نے اپنی ایک خیرخواہ سے اس بارے میں بات کی اورکہا انیسہ آپا مجھے برا لگ رہا ہے۔ جس پر انہوں نے کہا کیوں برا لگ رہا ہے؟ جس پر صبا نے کہا وہ میرا پیار تھا میں نے اس کے ساتھ ایک عرصہ گزارا ہے اور اب جب وہ میرے ساتھ نہیں ہے مجھے چھوڑ چکا ہے تو مجھے بہت برا لگ رہا ہے۔
جس پر ان کی خیرخواہ خاتون نے کہا پیار یہ نہیں ہوتا بلکہ اگر آپ کسی کو چاہتی ہیں تو اس کی خوشیوں کے لیے دعا کریں اور اس کی خوشی میں خوش رہیں۔ صبا نے کہا بس یہی وہ لمحہ تھا جب مجھے سمجھ آگیا کہ سچی محبت کیا ہوتی ہے۔ صبا قمر نے کہا وہ آج بھی اس شخص کو چاہتی ہیں۔

