وزیر اعظم کی واپسی پر وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں: نئے چہروں کی شمولیت کا امکان


وزیر اعظم عمران خان کی امریکہ سے واپسی کے بعد وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔ وزارتوں کی جانب سے ناقص کارکردگی پر وزراء میں تشویش بڑھ گئی۔ کابینہ میں نئے چہرے بھی نظر آنے کا مکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے فارغ ہونے والے شہباز گل کو بھی وفاق میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ وہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کرچکے ہیں۔ تحریک انصاف کے بعض حلقے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے پارٹی ایم این ایز کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کے حوالے سے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے دوبارہ کابینہ میں آنے کا امکان ہے جبکہ چند وزراء کے قلمدان تبدیل ہونے کا امکان ہے جن میں وزیر دفاع پرویز خٹک،  وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار شامل ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ وزارتوں کی ناقص کارکردگی پر ان وزارتوں کے وزراء کو تبدیل کریں گے۔ گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے وزارتوں کی کارکردگی کے حوالے سے تمام وزارتوں سے رپورٹس طلب کیں تھیں تاہم وزیر اعظم کی ہدایات کو پس پشست ڈالتے ہوئے مقررہ تاریخ تک متعدد وزارتوں کی جانب سے رپورٹس جمع نہیں کرائی گئیں جن پر کابینہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزارتوں کی ناقص کارکردگی پر وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اب جبکہ وہ امریکہ سے واپس آرہے ہیں امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کابینہ میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مشرف دور میں وزیر تعلیم رہنے والی بلوچستان سے تعلق رکھنے والی حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن اسمبلی موجودہ دفاعی پیداوارکی وزیر زبیدہ جلال کو ایک بار پھر وزیر تعلیم جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک کو وزیر داخلہ بنانے اور وزیر تعلیم شفقت محمود کو کوئی اور وزارت دینے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کرنے کا امکان ہے۔

جبکہ کابینہ میں کچھ نئے چہروں کو بھی شامل کیا جائے گا جن میں مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم سمیت اتحادی جماعتوں سے ایک اور وزارت کادینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق پارلیمانی امور کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان بھی دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے کے لئے دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں۔ وہ ہر ہفتے تسلسل کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اسی طرح پنجاب سے فارغ ہونے والے شہباز گل کو بھی وفاق میں عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وزارت کے خواہش مند پارلیمنٹرین نے بھی وزیر بننے کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).