معاشی بحران میں گھرے لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے بکنی ماڈل محبوبہ پر دو ارب چالیس کروڑ لٹا دیے


لبنان کے 49 سالہ وزیراعظم سعد حریری کا جنوبی افریقہ کی ایک بکینی ماڈل 26 سالہ کینڈیس وین ڈر مروی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا، انہوں نے اپنی محبوبہ کو ایک کروڑ 53 لاکھ ڈالر مالیت کے تحفے دیے تھے جو پاکستانی روپے مین تقریباً دو ارب چالیس کروڑ روپے بنتے ہیں۔

سعد حریری اور کینڈیس 2013ء میں جمہوریہ سیشلز کے ایک سیاحتی مقام پر ملے تھے۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب پیراکی کے لباس ’بکنی‘ کی ماڈلنگ کرنے والی کینڈیس وین ڈر مروی کے خلاف جنوبی افریقہ کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ 2013ء میں ملاقات کے بعد سعد حریری نے کینیڈیس کو ایک کروڑ ڈالر نقد دیئے جو جنوبی افریقہ کے ایک بینک میں ٹرانسفر کیے گئے۔ باقی رقم لگژری کاروں اور دیگر قیمتی تحائف کی مد میں دی گئی۔

سعد حریری کے ساتھ اپنے معاشقے کے انکشاف پر ماڈل کینڈیس غصے میں آ گئیں اور انہوں نے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کے باعث اس کا سعد حریری کے ساتھ رشتہ تباہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ سعد حریری ڈیڑھ ارب ڈالر کے اثاثوں کے مالک ہیں اور بظاہر ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ جب انہوں نے کینڈیس کو یہ خطیر رقم اور قیمتی تحائف دیئے اس وقت وہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز نہیں تھے۔

واضح رہے کہ سعد حریری کی ملکیت انگریزی اخبار دی ڈیلی سٹار کے صحافیوں کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ اقوام عالم کی معاشی درجہ بندی کرنے والے ادارے موڈی نے لبنان کی کریڈت ریٹنگ پر نظر ثانی کا اعلان کر رکھا ہے۔ لبنان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور عوام سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).