گوگل کی ریسرچ اور تین سو سال کی عمر


آج سے ٹھیک چھ سال پہلے 18 ستمبر 2013 کو امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں ایک کمپنی کی بنیاد رکھی گئی، کمپنی کا نام تھا ”CALICO“ یعنی کیلیفورنیا لائف کمپنی، اس کمپنی کا مشن بہت دلچسپ تھا، اس کا کہنا تھا کہ یہ بائیوٹیکنالوجی کی مدد سے جان لیوا بیماریوں کا علاج دریافت کرے گی، بڑھاپے پر قابو پائے گی اور موت کا مسئلہ حل کرے گی۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں تھا کہ کسی نے موت کو شکست دینے کا مشن اپنایا تھا، امریکہ میں کچھ کمپنیاں اور ادارے پہلے ہی اِس کام میں جتے ہیں، پے پال کے مالک پیٹر تھیل کی بھی خواہش ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے زندہ رہنا چاہتا ہے اور اِس مقصد کے لیے موصوف نے اپنی نیک کمائی میں سے کچھ ملین ڈالر ایک خیراتی ادارے کو دیے ہیں جو موت کو شکست دینے پر کام کر رہا ہے۔

کیلیکو کمپنی کی بات البتہ کچھ اور ہے، یہ گوگل کی ایک ذیلی کمپنی ہے اس لیے سنجیدگی سے سمجھا جا رہا ہے کہ گوگل اِس کمپنی کے ذریعے جس پراجیکٹ پر کام کر رہا ہے اُس کے نتیجے میں ”موت کی موت“ واقع ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹائم میگزین نے 2013 کے اپنے سرورق پرسُرخی جمائی تھی کہ ”کیا گوگل موت کا مسئلہ حل کر سکتا ہے“ اور لکھا تھا کہ ”یہ بات پاگل پن ہی لگتی اگر گوگل کا نام ساتھ نہ جڑا ہوتا۔ “ پچھلے دس بیس برسوں میں گوگل نے انسانی زندگی کو کایا پلٹ کے رکھ دی ہے، دنیا کا شاید ہی کوئی شخص ہو جس کی زندگی میں گوگل کا کوئی کردار نہ ہو، چاغی میں بسنے والا بلوچ ہو یا رحیم یار خان کا کسان، شکاگو کا تاجر ہو یا افغانستان کا دکاندار، گوگل کے ”شر“ سے کوئی محفوظ نہیں۔

سو اِس گوگل نے اگر ایک علیحدہ کمپنی بنا ڈالی ہے جو انسانوں کو بڑھاپے سے نجات دلانے کا کام کرے گا تو دنیا اسے مجذوب کی بڑ بہرحال نہیں سمجھے گی اور انتظار کرے گی کہ عالم غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔ فی الحال جو سائنس دان اِس کمپنی میں کام کرر ہے ہیں وہ خاصے عمر رسیدہ ہیں لہذا ہمیں اُن کی درازی عمر کی دعا کرنی چاہیے تاکہ اُن کی کاوشوں کا نتیجہ دیکھ سکیں۔

مرنے کا شوق کسی کو بھی نہیں ہوتا، انسان کی دائمی زندگی کی خواہش اُس وقت سے ہے جب سے وہ دنیا میں آیا ہے، جو لوگ بڑھاپے میں موت کی آرزو کرتے نظر آتے ہیں دراصل وہ موت نہیں مانگ رہے ہوتے بلکہ بڑھاپے سے نجات چاہ رہے ہوتے ہیں، اگرلوگ صدا جوان ہی رہیں تو کوئی بھی شخص چاہے وہ دو سو سال پرانا ہی کیوں نہ ہو جائے کبھی موت نہیں چاہے گا۔ ویسے اپنے یہاں تو لوگ خود کو بوڑھا سمجھتے ہی نہیں، نوّے سال کا بابا بھی اگر اپنے سے دس سال چھوٹے بزرگ کو دیکھ لے تو اسے ”منڈا“ کہہ کر اس لیے بلاتا ہے تاکہ خود اسے بھی لوگ یہی کہہ کر بلائیں۔

تاہم کہنے سننے سے اگرفرق پڑتا تو ہر کوئی ہمیشہ منڈا ہی رہتا، کبھی بوڑھا نہ ہوتا، مصیبت یہ ہے کہ وقت کے ساتھ جب عمر ڈھلتی ہے، چہرے پہ جھریاں پڑنی شروع ہوتی ہیں، لڑکیاں انکل کہنے لگ جاتی ہیں اور لڑکے بزرگ سمجھ کر آپ کے لیے نشست خالی کر دیتے ہیں تو بندہ سوچنے لگتا ہے کہ اب اور کتنے برس میں جی لوں گا، میرے بعد بھی کیایہ دنیا اسی طرح چلتی رہے گی، کیا میں اِس کی رنگینیاں مزید نہیں دیکھ پاؤں گا، کاش کہ مجھے موت نہ آئے! مگر ہم لوگ یہ باتیں منہ سے نہیں کہتے، دل میں رکھتے ہیں، کہتے ہم یہ ہیں کہ بہت جی لیا، بھرپور زندگی گزار لی، اِس دنیا کی اب اور تمنا نہیں، خدا ہمیں اٹھا لے، وغیرہ۔

دراصل ہمیں موت کا اتناخوف نہیں جتنی زندگی سے محبت ہے، اِس دنیا میں خدا نے بہت کشش رکھی ہے، یہاں سے جانے کا کسی کو دل نہیں کرتا مگر کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں یقین ہوتا ہے کہ انہیں موت نہیں آئے گی لہذا وہ فرعون بن کر زندگی گزارتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایک دن فراعین مصرکی طرح وہ بھی اپنے گریڈ اور رتبے کے ساتھ دوبارہ دنیا میں واپس آئیں گے اور پھر لوگ اِن کے سامنے ہاتھ باندھ کر کہیں گے کہ مائی باپ آپ کے بغیر گزارا نہیں ہو رہا تھا سو ہماری زندگی کی باگ ڈور سنبھال لیں!

اِس وقت ترقی یافتہ ممالک میں انسان کی اوسط عمر تقریباً اسّی سے پچاسی برس ہے جبکہ غریب ملکوں میں اِس سے کہیں کم ہے، انسانوں میں سب سے طویل عمر 122 سال ریکارڈ کی گئی ہے، کچھ لوگوں نے اس سے زیادہ عمر کے دعوے کیے ہیں مگر مستند ذرائع سے ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ترقی یافتہ ممالک میں طویل عمری کی وجہ ظاہر ہے کہ بہتر ماحول، صحت کی سہولتیں، خالص غذا اور میڈیکل سائنس میں ترقی ہے جبکہ غریب ملکوں میں صورتحال اس کے برعکس ہے سو نتیجہ بھی اُسی طرح واضح ہے۔

کیلیکو نہ صرف انسانوں کو لاحق ہونے والی بیماریوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے بلکہ یہ تحقیق بھی کر رہی ہے کہ بڑھتی عمر کے عمل کو کیسے روکا یا کم از کم سُست کیا جائے۔ پچھلے ستّر برسو ں میں انسان نے میڈیکل سائنس میں جو ترقی کی ہے اسے دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ آنے والے وقت میں انسانوں کی عمریں مزید طویل ہوسکتی ہیں، جیسے کہ اڑھائی سو سال یا پھر تین سو سال۔

اگر ایسا ہو گیا تو دنیا وہ نہیں رہے گی جو آج ہے، ہماری زندگیاں تین سو ساٹھ کے زاویے سے بدل جائیں گی، محبت کی داستانیں نئی لکھنی پڑیں گی، جینے مرنے کی قسمیں غیر متعلق ہو جائیں گی، پھر محبوب آپس میں کچھ اِس قسم کے وعدے کیا کریں گے کہ ڈارلنگ میں بیس سال تمہارے ساتھ گزاروں گا، پندرہ سال غزالہ کے ساتھ، اس سے اگلے دس سال سارہ کے ساتھ اور پھر اگلے پانچ سال! مجھے یہ تو معلوم نہیں کہ کیلیکو محبت کے اِن دقیق مسائل کا کیا حل نکالے گی مگر اتنا یقین ضرور ہے کہ عورتیں اپنے اِس دعوے سے دست بردار ہو جائیں گی کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ محبت ہوتی ہے۔ اُس وقت پھر گوگل ہی بتائے گا کہ تین سو سال کی زندگی میں کتنی مرتبہ محبت ہو سکتی ہے!

محبت ہی نہیں سب کچھ بدل جائے گا، ساس بہو کے جھگڑے بھی عجیب قسم کے ہو جائیں گے (بشرطیکہ کہ شادی کی روایت برقرار رہی ) ، تین سو برس کی ساس پونے تین سو سال کی اپنی بہو سے کیا جھگڑا کرے گی، اور یہ پونے تین سو برس کی بہو آگے سے اپنی اڑھائی سو سال کی بہو کے ساتھ کیا سلوک کرے گی اور پھر یہ سلسلہ کہاں جا کر رکے گا! لوگ اپنے

بچوں سے کیا ویسے ہی محبت کریں گے جب ان کی عمریں دو دو سو سال کی ہو جائیں گی اور ان کی اولاد کی پونے دو سو سال! ہم ایسے غریب ملکوں میں تو مسائل مزید گمبھیر ہو جائیں گے، جن رسومات اور نظریات پر آج ہم سختی سے کاربند ہیں اُن کا تو شاید جنازہ ہی نکل جائے گا، کیا یہ ممکن ہو گا کہ دو سو سال کا مرد اپنی اڑھائی سو سال کی بہن کا غیرت کے نام پر قتل کردے، کیا یہ ممکن ہوگاکہ باپ اپنی بیٹی کو بیاہتے ہوئے کہے کہ اِس گھر سے اب تمہارا جنازہ ہی نکلے گا اورکیا یہ ممکن ہو گا کہ کوئی عورت اپنی زندگی کے تین سو سال کسی مرد کی بالا دستی میں گزار دے!

مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوگا اور کیا نہیں، مگر اتنا ضرور ہے کہ اگر انسان کی زندگی واقعی ایسی طویل ہو گئی تو دنیا کا تمام فلسفہ نئے سرے سے لکھنا پڑے گا، ہر جذبے کی نئی تشریح کرنی پڑے گی اور تمام نظریات کو از سر نو مرتب کرنا پڑے گا۔ ہماری زندگیوں میں تو شاید یہ سب نہ ہو، مگر دو سو سال بعد کا انسان یہ کام ضرور کر رہا ہوگا!
”ہم سب“ کے لئے خصوصی طور پر ارسال کردہ تحریر۔

یاسر پیرزادہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 490 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada