جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے درمیان رابطے بحال


جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے درمیان رابطے بحال ہو گئے۔ بی این پی سربراہ اختر مینگل نے مولانا فضل الرحمان کوخصوصی پیغام پہنچا دیا۔ دونوں جماعتوں میں آزادی مارچ کے لئے بھی تعاون پر بات چیت شروع ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بی این پی مینگل کے رہنماء نواب لشکری رئیسانی نے ملاقات کی۔

جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں نواب لشکری رئیسانی نے پارٹی سربراہ اخترمینگل کا پیغام بھی مولانا فضل الرحمان کو پہنچایا۔

مزید برآں اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے بتایا کہ حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا، آج اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ حکومت کو گرانا ہے۔ ہم قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اپوزیشن متحد ہے اور حکومت کوگرانا چاہتے ہیں۔ ہم نے آپس میں حکمت عملی طے کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزراء طرح طرح کی باتیں کررہے ہیں۔ لیکن ہم کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں چاہتے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں چار نکات پر متحد اور متفق ہیں۔ قوم کو بتانا چاہتے ہیں ہم آئین اور قانون کا دفاع کریں گے۔ وزیراعظم فوری مستعفی ہو جائیں اور نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ فوج کی مداخلت کے بغیر نئے طریقے سے الیکشن کروائے جائیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ حکومت نے اظہار رائے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ انہوں نے آج ہمیں ہوٹل میں اجلاس کی اجازت نہیں دی گئی اس لیے مجھے اپنے گھر میں اجلاس بلانا پڑا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).