مرغی کا افتتاح پوری کائنات میں مرغے کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا: عامر لیاقت حسین


تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے کہاہے کہ مرغیوں کا افتتاح پوری کائنات میں سوائے مرغے کے اور کوئی نہیں کرسکتا، میں جتنی مرضی کوشش کرلوں انڈے نہیں دے سکتا۔

دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جب جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ نے الزام لگایا کہ عمران خان نے سوائے مرغیوں کے افتتاح کے کچھ نہیں کیا توجواب میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ حکومت پر مرغیوں کاافتتاح کرنے کاالزام لگایا جاتا ہے لیکن مرغیوں کا افتتاح پوری کائنات میں سوائے مرغے کے اور کوئی نہیں کرسکتا، میں جتنی مرضی کوشش کرلوں انڈے نہیں دے سکتا

انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ لوگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن مولانا فضل الرحمان خود کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لوگوں کوڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، ہمارے لوگوں سے رابطے نہ کئے جائیں اور فوج غیر جانبدار رہے۔

عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں مولانا فضل الرحمن کو جانتا ہوں۔ میں نے مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پانچ حج کئے ہیں۔ اگر مجھے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کیلئے بھیجا جاتا تو میں معاملات کو سلجھانے کی کوشش کرتا۔ انہوں نے کہا کہ آپا نثار فاطمہ کے بیٹے سے پنجاب بچاﺅ تحریک کی امید نہیں تھی، یہ عصبیت کو فروغ دے رہے ہیں، ان کو پاکستان کی بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر شہباز شریف کے دور میں آیا تھا اور ہم تو ڈینگی کے انڈوں کو بھگت رہے ہیں۔

Facebook Comments HS