پیمرا کی طرف سے مولانا فضل الرحمن کی کوریج رکوانے پر جے یو آئی کا  انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے رابطہ


پیمرا کی جانب سے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی کوریج رکوانے کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے رابطہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے عالمی تنظیموں کو خط لکھ دیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے ایچ آر سی پی، آئی ایف جے، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور رپورٹرز سینز فرنٹیر کو خط لکھا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ جے یو آئی پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے، جس کے ملک بھر میں لاکھوں ووٹرز ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی جس کے خلاف جے یو آئی نے آواز اٹھائی تو پیمرا نے پابندی عائد کر دی۔ سیاسی جماعت ہونے کے ناطے احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

خط میں کہا گیا کہ ملک بھر میں جے یو آئی کے لاکھوں کارکنان موجود ہے، جنکی آواز کو پیمرا غیر جمہوری طریقہ سے دبانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہئے کہ وہ جے یو آئی کی آواز بنیں اور پیمرا کے اس رویہ کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔

Facebook Comments HS