مولانا فضل الرحمن کو گرفتار کیا گیا تو ہر جگہ دھرنے دئیے جائیں گے: (ن) لیگ اور جے یو آئی کا اعلان


جمعیت علمااسلام سندھ اور مسلم لیگ (ن) سندھ نے اعلان کیا ہے کہ اگر جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو گرفتار کیا گیا تو ہر جگہ دھرنے دئیے جائیں گے۔ جمیعت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی ۔

اس موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعدازاں صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ آج ہی کوشش کریں گے پیپلزپارٹی سے بھی ملاقات ہوجائے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک سی پیک سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو انڈوں مرغیوں اور کٹوں سے لاکر لنگر پر کھڑا کردیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا گیا تو صوبے بھر میں دھرنے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مارچ میں ساتھ چلنے کا یقین دلایا ہے۔ بلاول بھٹو نے سندھ میں مارچ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ ٹرانسپورٹرز، کیٹررز پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔ نامعلوم لوگوں کے ذریعے کراچی میں ہمارے کارکنوں پر ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہیں ۔

بلاول بھٹو تحقیقات کریں کہ کون جے یو آئی کے کارکنان پر ایف آئی آر درج کرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راستہ روکا گیا تو گدھے گھوڑے خچر خرید لیے ہیں۔ ہمارے مارچ میں سول نافرمانی کی باتیں نہیں ہوں گی۔ ہمارے اسٹیج سے کسی کو لٹکانے کے نعرے نہیں سنے جائیں گے۔ 31 لاکھ کارکنان نے رکنیت کا فارم بھرا ہے ۔سب سے 100 روپے کی فیس جمع کرانے کا کہا ہے۔

مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ ڈنڈے اسلحے میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں یہ طے کر لیں۔ ان کو کوئی ایشو نہیں مل رہا اس لیے ہندوستان سے مولانا کی باتوں کو ایشو بنا رہے ہیں۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ 27 تاریخ کو آزادی مارچ چلے گا۔ مسلم لیگ ن اپنے قائد کے کہنے پر مارچ کا حصہ بنے گی اور مارچ میں جے یو آئی کی بھرپور حمایت کریں گے۔ ہم اس نالائق حکومت کے وزیر اعظم سے استعفی لے کر واپس آئیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).