آزادی مارچ: حکومت اور رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے


حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور فریقین میں پشاور موڑ پر جلسہ کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین پرویز خٹک نے رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں گزشتہ رات سے جاری ڈیڈلاک کا خاتمہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ فریقین آزادی مارچ کیلئے تیسرے مقام پر متفق ہوگئے ہیں اور پشاور موڑ پر جلسہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وزیردفاع پرویز خٹک آج رات اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں رہبر کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہوئے جو کہ بے نتیجہ ثابت ہوئے تھے۔ گزشتہ روز اپوزیشن اور حکومت کے درمیان آزادی مارچ کے مقام پر ڈیڈ لاک تھا، اپوزیشن نے ڈی چوک، جناح ایونیوچوک اور چائنا چوک کے آپشن دئیے تھے لیکن حکومت پریڈ گراؤڈ کے علاوہ کسی اور مقام پر راضی نہیں ہوئی تھی۔

حکومت کی 7 رکنی کمیٹی میں وزیردفاع پرویز خٹک، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزراءشفقت محمود، نورالحق قادری اور اسد عمر شامل ہیں۔اپوزیشن کی نو جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل رہبر کمیٹی نے حکومت سے مذاکرات کئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).