ایک دوسرے پر شراب نوشی کے الزامات لگانے والے نعیم الحق اور عارف حمید بھٹی میں صلح ہو گئی


گزشتہ دنوں ایک دوسرے پر ذاتی حملے کرنے والے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے درمیان صلح ہوگئی۔

عارف حمید بھٹی اور نعیم الحق کی صلح کرانے میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اہم کردار ادا کیا۔ نعیم الحق نے چوہدری سرور اور عارف حمید بھٹی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ میری عارف حمید بھٹی کے ساتھ بہت ہی اچھی ملاقات ہوئی، ہمارے درمیان وہ تمام غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں جن کی بنیاد اندھے اور بد طینت سوشل میڈیا نے رکھی تھی۔‘

خیال رہے کہ سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق پر سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔ ’چوتھے فلور پر نعیم الحق کے کمرے میں اوپر کون ہے، نعیم الحق کے کمرے میں نیچے کون ہے، کس کا نام تبدیل کرکے جاتے ہیں، چند روز پہلے خان صاحب نے بھی انہیں برا بھلا کہا اور کہا کہ یار پی ایم سیکرٹریٹ میں تو یہ کام نہ کرو۔‘

سینئر صحافی کے الزامات پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا تھا ’ بے روزگار شرابی عارف حمید بھٹی ہر شام اپنی بوتل ختم کرنے کے بعد میرے خلاف غیر منطقی باتیں کرتا ہے، اب تک اس نے جو بھی باتیں کی ہیں وہ انتہائی بیہودہ اور جھوٹ پر مبنی ہیں، ہم سب کو دعا کرنی چاہیے کہ ان کی شراب نوشی اور جھوٹ بولنے کی عادت سے جان چھوٹ جائے، اللہ کرے کہ وہ اپنی ذات پر کچھ رحم کرے، آمین۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).