حلوہ مارچ کے دوسرے دن ہی تعفن پھیل گیا: فواد چوہدری


وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حلوہ مارچ کے دوسرے دن ہی بدبو سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا ہے ، مارچ کے شرکاء حلوے کھانے کے بعد صفائی کا انتظام بھی خود کریں ۔

حلوہ مارچ کا دوسرا دن بدبو سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا ہے اور CDA کو کروڑوں روپے کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے صفائ کیلئے، کیا ہی اچھا ہو کہ حلوے کھانے کے بعد صفائ کا انتظام بھی خود کریں جیسے کہ PTI کے والنٹئرز کرتے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مارچ کے شرکاء صفائی کا انتظام بھی خود کریں جیسے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رضاکار کرتے تھے کیونکہ سی ڈی اے کو صفائی کے لیے کروڑوں روپے کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ بلاول صاحب کی موجودگی میں فضل الرحمٰن صاحب سے سوال بنتا ہے کہ بے نظیر بھٹوسمیت سینکڑوں پاکستانیوں کی شہادت کے ذمہ دار بیت اللہ محسود اور حکیم اللہ سے ان کا کیا تعلق تھا؟ کیا بیت اللہ جے یو آئی وزیرستان کا امیر نہیں تھا؟

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس لیے تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے یہ ہدایت کی ہے ورنہ ایک اشارے پر ان پانچ پیاروں اور ان کے چمچوں پر زمین تنگ کردیں گے اور انہیں کہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔

Facebook Comments HS