بلاول بھٹو زراری نے دھرنے میں شرکت کا اشارہ دے دیا


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ دھرنے میں شرکت کا اشارہ دے دیا۔ بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب تک پاکستان پیپلز پارٹی جے یو آئی (ف) کے دھرنے کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پارٹی پالیسی پر نظر ثانی کرتی ہے تو جے یو آئی کے دھرنے میں شرکت کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت فی الحال دھرنےمیں شرکت نہیں کرسکتی، یہی پہلے دن سے موقف رہا ہے کہ ہم دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے نہیں کہا کہ وہ خود وزیراعظم ہاؤس جا کر وزیراعظم عمران خان کو گھسیٹیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ حکومت اپنی سمت درست نہیں کرتی تو جمہوری قوتیں بھی غیر جمہوری اقدام اٹھانے پر مجبور ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت معاشی و سیاسی محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی نے تیز گام ٹرین سانحے میں ہونے والے زخمیوں کی عیادت کی۔ بلاول بھٹوزداری نے کہا کہ شیخ رشید کے دور میں ہی سب سے زیادہ ٹرین حادثات ہوئے۔ انہوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید کے استعفے اور سانحہ تیز گام کی انکوائری کا مطالبہ بھی کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).