وزیراعلیٰ پنجاب کی دوسری شادی کے بارے میں ارشاد بھٹی کی خبر جھوٹی نکلی: 25 کروڑ ہرجانے کا نوٹس


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی دوسری شادی کی خبر جھوٹی نکلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صحافی ارشاد بھٹی کی جانب سے دی گئی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی شادی کی خبر جھوٹی نکلی ہے جبکہ ان پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کو بھی غلط قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صحافی ارشاد بھٹی کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ارشاد بھٹی کے جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دوسری شادی کر لی ہے مگر آج وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے ارشاد بھٹی کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق متاثرہ شخص اور اُن کے خاندان کی عزت پر حرف آنے کے باعث چودہ روز کے اندر ارشاد بھٹی کو پچیس کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا ہو گا۔

جبکہ نوٹس میں لکھا ہے کہ بغیر تصدیق کے جھوٹی خبر نشر کرنا پیمرا ایکٹ2007 کی خلاف ورزی بھی ہے اور اس قانونی نوٹس کے مطابق ارشاد بھٹی کو اُسی نجی ٹی وی کے اُسی ٹاک شومیں مذکورہ شخص سے واضح اور واشگاف الفاط میں معافی بھی مانگنا ہوگی۔

یاد رہے کہ  29 اکتوبر 2019 کو نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں ان الفاظ کے ساتھ جھوٹا اور بے بنیاد دعوی کیا تھا کہ ”آپ کو اور ساروں کو مبارک ہو کہ بزدار صاحب نے دوسری شادی کر لی ہے، اور اس کے بعد جو کہانیاں ہیں نہ دوسری شادی کی فیملی کی وہ بھی کمال ہیں۔

اور اس کے بعد جو گھر لیا انہوں نے، جو وہ خوشاب کے دورے کیے انہوں نے۔ شادی تو خیر ان کا حق ہے لیکن اس کے بعد جو کہانیاں ہے وہ کمال کی ہیں“۔ اسی پروگرام میں یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وزیراعلیٰ دو دوروں پر خوشاب گئے ہیں اور وہاں انہیں دو دو لاکھ کے چیک ملے ہیں اس پر پانچ ہزار بچ گئے، ایک لاکھ 95 ہزار لے کر گھر آگئے، اتنی ہی مبینہ طور پر چھوٹی چھوٹی کرپشن ہے۔

اپنے ساتھی اینکر کو مخاطب ہوتے ارشاد بھٹی نے کہا تھا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ جیل اصلاحات لائیں گے۔ یہ اپنے خاندانی پیکج میں اصلاحات مکمل ہو کر لیں تو پھر آگے جائیں گے۔ ارشاد بھٹی کے ان الزامات نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا کر دیا تھا مگر اب وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).