نوازشریف کے بیرون ملک علاج کا فیصلہ اچھا ہے، کچھ لوگ معاملات خراب کرنا چاہتے ہیں: چودھری شجاعت حسین
پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے باہر جانے کے معاملہ پر جو طوفان شروع ہوا ہے اسے وزیراعظم عمران خان کو قابو کرنا پڑے گا۔ کچھ لوگ اچھے فیصلہ میں مینگنیاں ڈالنے کی کوشش میں ہیں۔
نوازشریف کے باہر جانے کے بارے میں مختلف اطلاعات پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےچودھری شجاعت حسین نےکہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کےہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو اللہ تعالیٰ نےموقع دیا ہے۔ عمران خان ملک کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے اپنے اچھے فیصلوں میں ایسے لوگوں کی مت سنیں جو نوازشریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دینے کے ایک اچھے فیصلے میں مینگنیاں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم اپنے ماتھے پر کلنک کا ایسا ٹیکا نہ لگنےدیں جسےدھونا مشکل ہو جائے گا۔ ایک سوال پرچودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صاحب اقتدار لوگوں کو چاہئے کہ وہ مہنگائی اور بے روز گاری ختم کرنے کی طرف توجہ دیں جس کی وجہ سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


