نواز شریف کو اغوا کر لیا گیا ہے: فردوس عاشق اعوان


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پورا ملک قرضوں میں گروی رکھنے والے اپنا محل گروی رکھنے کو تیار نہیں ہیں۔ نواز شریف کوئی گولڈ میڈل یا ٹرافی جیت کر جیل میں نہیں گئے تھے۔ مسلم لیگ ن کا رویہ شرمناک ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کی صحت کو شٹل کاک نہیں بنایا۔ شریف خاندان نے نواز شریف کی صحت کو فٹ بال بنا دیا ہے۔ صرف بہتان اورالزام تراشی سے کام نہیں چلے گا۔ وزیراعظم نے بدترین الزام تراشیوں پر کان نہ دھرے اور بیمار کو سہولت دی۔ حکومت نے انسانی ہمدردی پر ون ٹائم فیور کا فیصلہ کیا اور ن لیگ جسے تاوان کہہ رہی ہے، وہ عدالتوں کی طرف سے جرمانے ہیں .

فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاوان اغواکار طلب کرتے ہیں، سہولت کار نہیں۔ مریض کےعلاج کی بہترین جگہ ہسپتال ہے۔ اغوا کرنے والے مریض کو گھرمیں لےکر جاتے ہیں۔ شریف خاندان نے نوازشریف کوجاتی اُمرا میں اغوا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے گمراہ کن پروپیگنڈا کیا ہے۔عدالتوں نے نوازشریف کو مجرم قرار دیا ہے، حکومت نے نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے نواز شریف کو اغوا کر کے قید کر رکھا ہے۔

حکومت کے ساتھ طویل مشاورتوں میں ن لیگ کے نمائندے بھی شامل تھے۔ حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، ہماری کوئی مجبوری نہیں۔ عدلیہ ریلیف دے، حکومت من وعن عمل کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن کا حال تو یہ ہے کہ چمڑی جائے لیکن دَمڑی نہ جائے۔ یہ لوگ جاتی اُمرا کا محل گروی رکھنے کے لیے تیار نہیں۔ عوام کی آنکھیں کھل جانی چاہیں، جن کیلئے سب کچھ کیا، وہ بچے بانڈ دینے کو بھی تیار نہیں ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).