حکومت سپریم کورٹ میں نواز شریف معاملے کا فیصلہ چیلنج کرے: فواد چوہدری کی تجویز


وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نےکہا ہے کہ عدالت کےفیصلے پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں تاہم میری رائے ہے کہ حکومت کو فوری طور پر سپریم کورٹ میں فیصلہ چیلنج کرنا چاہئیے۔ اگر یہ فیصلہ برقرار رہا تو نظام انصاف کو بہت نقصان پہنچے گا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے حوالے سے فیصلہ آ چکا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ ملک سے باہر جا سکتے ہیں۔ اپنی 16 سترہ سالہ لاء کی پریکٹس میں مجھے کوئی نظیر نہیں ملتی جہاں ایک سزا یافتہ مجرم کو اس طرح سے باہر بھیجا جائے۔

جہاں تک یہ بات ہے کہ وہ واپس آئیں گے۔ ہمارے ملک میں اِنہیں کے خاندان کی مثالیں موجود ہیں۔ اسحاق ڈار کا ریڈ وارنٹ جاری ہو چکا ہے، وہ ابھی تک ملک کے سینیٹر ہیں لیکن اُنہوں نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔ ان کی جائیداد یہاں پر نہیں۔ نواز شریف اور ان کے بچوں کی جائیدادیں یہاں پر نہیں ہیں، اِنہیں اِنفورس کیسے کریں گے واپس لانے کے لئے؟ عدالت اپنے فیصلے میں جو بھی کہے، وہ ایک قانون ہے اور اُس پر عملدرآمد کرنا ہے لیکن اس سے نئی نظیر آئی ہے۔ کتنے اور قیدی اس نظیر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا نہیں؟ یہ دیکھنا ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ میری حکومت اور کابینہ میں یہی رائے ہو گی کہ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں لے کر جانا چاہئے کیونکہ اگر یہ فیصلہ برقرار رہتا ہے تو اس سے ہمارے نظام انصاف کو بہت گزند پہنچے گا۔ لہذا سپریم کورٹ سے اس فیصلے پر حتمی رائے لینی چاہئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).