عمران خان کے بھانجے کی گرفتاری کیلئے چھاپے
لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے میں شامل وزیرِاعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پرچھاپہ مارا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انو یسٹی گیشن لاہور کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ نے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے جبکہ حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا بھی لیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ حسان خان نیازی بھی پی آئی سی کے باہر حملے میں ملوث تھے، پولیس کی جانب سے مشتعل وکلاء پر درج کیے گئے مقدمات میں حسان خان نیازی کو نامزد نہیں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مشتعل وکلاء کی جانب سے پی آئی سی پر حملے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں جن میں دیکھا جاسکتا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی بھی مشتعل مظاہرے میں شریک تھے۔ تاہم بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اپنے اس فعل پر شرمندگی کا اظہار کیا تھا۔


