کلین لڑکی کلین ٹوائلٹ


ایک اور بٹن کے د بانے سے ایک بہت ہی ملائم برش نکل آیا جسے گھما پھرا کرصفائی کی جاسکتی تھی یہ بھی لکھا ہواتھا کہ ہر صفائی کے بعد یہ برش خودبخود پانی میں گرجاتا ہے۔ سرخ رنگ کا بٹن آخر میں تھا جس کو دبانے سے تیز گرم ہوا خارج ہوتی تھی اور کسی قسم کے ٹشو پیپر کے بغیر پانی غائب ہوجاتا اور سب کچھ خشک ہوجاتا تھا۔

میں نے یہ سب کچھ استعمال کیا اور مجھے پتہ لگا کہ طہارت کموڈ کیا ہوتا ہے۔ ہوٹل والوں نے عربی مسلمانوں کے لئے ہرطرح کی سہولت مہیا کرنے کی کوشش کی تھی۔ میں حیران بھی ہوا اور ساتھ ہی اس ایجاد سے متاثربھی۔ یقیناً یہ جاپان یا کوریا کا کام ہوگا وہی لوگ اس طرح کی مارکیٹوں کا استعمال جانتے ہیں۔

بازار میں جاپان کی بنائی ہوئی اس طرح کی چیزیں خوب مل رہی تھیں مثلاًاذان دینے والی گھڑی، قبلہ کا رخ دکھانے والی جائے نماز، قرآن کے مختلف آیتوں کی تشریح کرنے والے کمپیوٹر کے پروگرام، مکّہ مدینہ کی تصویر والی تسبیح اور اس طرح کے اور بہت ساری چیزوں سے مکہ مدینہ کی دکانیں بھری ہوئی ہوتی ہیں۔ یقیناً جاپان، کوریا، چین اور ہانگ کانگ اس طرح کی چیزیں بناکر کروڑوں ڈالر کا فارن ایکسچینج کمارہے تھے۔

نہانے کے بعد جلدی جلدی میں تیار ہوکر نیچے آیا کہ کھانا کھاکر میٹنگ کے لئے پہنچوں۔ لفٹ سے باہر آتے ہی وہ آگیا۔
سلام علیکم سلام وعلیکم کھانا کھائیں گے۔ ضرور ضرور۔ وہ مجھے اشارے سے ریسٹورنٹ کی طرف لے گیا تھا۔

سارا کھانا حلال ہے مرغی، بکرا، گائے، بھیڑ سب کچھ بالکل اسلامی طریقے سے حلال کروایا جاتا ہے ہمارے ہوٹل میں۔ صبح ناشتے میں لارڈ استعمال نہیں کرتے ہیں ہم لوگ۔ سب کچھ زیتون کے تیل میں پکایا جاتاہے۔ سور کے گوشت کو پکانے کے لئے الگ برتن ہے اور بالکل الگ باورچی خانہ ہے اس نے تفصیل سے ہوٹل میں مسلمانوں کے لئے کھانے پکانے کے انتظام کے بارے میں بتایا۔ مسلمانوں کا کھانا بالکل مختلف باورچی خانے میں مسلمان باورچی پکاتے ہیں۔ میں اس انتظام پر بھی حیران ہی ہوا تھا۔

کھانا کھاکر میں باہر آیا تو ہوٹل کے باہر ٹیکسی تیار کھڑی تھی۔ وہ ٹیکسی کے ساتھ ہی کھڑا میرا انتظار کررہا تھا۔ میں نے ٹیکسی والے کو میٹنگ کی جگہ کا پتہ بتایا۔ اس کے انداز سے مجھے پتہ لگا تھا کہ وہ پتے کو سمجھ گیا ہے۔

ٹیکسی کے چلتے ہی ٹیکسی میں لگے ہوئے چھوٹے سے ٹی وی کے اسکرین پر باتصویر تلاوت شروع ہوگئی۔ مجھے سمجھ میں آگیا کہ یہ انتظام بھی ہوٹل کی جانب سے کیا گیا ہوگا تاکہ مسلمانوں کی اس ضرورت کو بھی پورا کیا جائے۔ دیکھا جائے تو میں ہوٹل کے انتظامات سے مکمل طور پر مرعوب ہوگیا تھا۔

کمرے میں جائے نماز، نماز کا وقت بتانے والی گھڑی، شہر کی مسجد میں اذان کے ساتھ کمرے میں بھی اذان کی آواز، الماری میں عزت و احترام سے رکھا ہوا قرآن، باتھ روم میں طہارت کموڈ، کھانے میں حلال کھانا اور یہاں تک کہ ٹیکسی میں تلاوت اور ساتھ ہی مکہ مدینہ کی محترم ومبارک جگہوں کی خوبصورت فلم۔ واہ رے جاپان، کوریا، چین ہر ایک کی ضرورت کے مطابق ہر ایک کے لئے انتظام۔ دنیا اسی کا نام ہے اور ترقی اسی کی ہے جو ان چیزوں کو سمجھے۔

ہماری میٹنگ کافی دیر تک چلتی رہی۔ میٹنگ کے بعد بہت ہی پُر لطف اور پُر تکلف کھانے کا انتظام تھا۔ یہ انتظام دریا میں ایک بڑی سی کشتی پر کیا گیا تھا۔ دریا پر یہ کشتی ہولے ہولے تیرتی جارہی تھی اس طرح کی بہت ساری کشتیاں خراماں مستیاں کررہی تھیں اور مختلف جانب سے مختلف قسم کی موسیقی اور گانوں کی آوازیں آرہی تھیں موسم بہار کی ٹھنڈی ہوا میں فضا معطر معطر سی ہورہی تھی مجھے بہت مزا آیا۔

رات گئے میں آفس کی گاڑی سے ہوٹل واپس آگیا تھا۔

ہوٹل آکر ایک اور گرما گرم شاور لینے کے بعد میں بستر پر لیٹتے ہی سوگیا۔ ابھی شاید نیند کے پہلے ہی مرحلے میں تھا کہ کسی نے دروازے کی گھنٹی بجائی۔ پہلے تو میں سمجھا کہ شاید میں غنودگی میں کچھ آواز سن رہا ہوں لیکن دوسری گھنٹی کی آواز پر میں اُٹھ گیا تھا۔

سائڈ ٹیبل پر موجود بٹن دباکر میں نے روشنی کی، گاؤن پہنا اور ہوٹل کے آرام دہ چپل کو پہن کر دروازہ کھولا تھا۔

دروازے کی روشنی میں وہ نہاگئی، میں اسے دیکھتا ہی رہ گیا۔ وہ اتنی ہی خوبصورت تھی یا شاید کاری ڈور کی دھیمی روشنی اور کمرے کی زائد روشنی کے امتزاج میں ڈوبا ہوا جسم وچہرہ مجھے اچھا لگا تھا۔ وہ ایک مکمل لڑکی تھی۔ کسے ہوئے کپڑوں میں کسا ہوا جسم لئے ہوئے۔

میرے کچھ کہنے اور پوچھنے سے قبل وہ دھیرے سے میرے سامنے سے کمرے میں داخل ہوگئی۔ اسی وقت مجھے یہ احساس بھی ہوا کہ وہ بھی اس کے ساتھ ہے۔ اس کے چہرے پر وہی صبح والی خاص مسکراہٹ تھی جب وہ مجھے طہارت کموڈ کے بارے میں بتا رہاتھا۔

میں سمجھا نہیں میں نے صورتحال کا اندازہ کرتے ہوئے تھوڑا غصے سے پوچھا۔

آپ کے لئے سر، آپ کی خدمت کے لئے سر دبائے گی، جسم دبائے گی مساج کرے گی جو آپ بولو گے بالکل آپ کے نوکر کی طرح۔ بالکل کلین ہے سر۔ ٹیسٹ ہوچکا ہے کوئی بیماری نہیں ہے، بالکل ینگ ہے صرف چوبیس سال کی مسلمان گرل سر مسلمان۔ زبیدہ اِز ہر نیم۔

میں حیران رہ گیا اس کے انداز پر۔ صبح کہاں وہ اسلامی ضروریات کے مطابق ہر مطالبہ پورا کرنے کو تیار تھا اور اب ایک طوائف کو لے کر آگیا اور ساتھ یہ بھی کہہ رہا تھا کہ مسلمان ہے یہ۔
میں نے اسے سختی سے کہا کہ وہ فوراً لڑکی کو لے کر کمرے سے چلاجائے اور باقی باتیں صبح کروں گا۔ منیجر کے آفس آکر میں غصے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا تھا۔

صبح ناشتے سے پہلے میں منیجر کے کمرے میں چلا گیا کہ ُاس سے اس بے ہودگی کی شکایت کروں۔
وہ وہاں پہلے سے ہی موجود تھا۔ ان دونوں نے خوش دلی سے میرا استقبال کیا۔

منیجر نے میری بات پوری توجہ سے سنی اور میری بات ختم ہوتے ہی مجھ سے معافی مانگ لی اور ساتھ ہی اس نے بھی ہاتھ جوڑتے ہوئے اپنی اسی مسکراہٹ کے ساتھ بھرپور انداز میں معافی مانگی کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ وہ غلط سمجھے تھے۔

میرے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کہ میں بالکل ہی ٹھنڈا ہوجاؤں کہ مزید غصے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

میں باہر آنے لگا تو اس نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا۔ سر، میں دوبارہ معافی مانگتا ہوں پر صاحب میں کروں کیا میں تو آپ کو بھی عربی سمجھا تھا ان کو ذبیح گوشت بغیر لارڈ کا کھانا اور طہارت کموڈ کے ساتھ رات کو کلین لڑکی بھی چاہیے ہوتی ہے۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ آپ عرب نہیں ہیں۔


صفحات: 1 2