جج ویڈیو کیس: مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے گھر چھاپہ


جج ارشد ملک ویڈیوکیس کے سلسلے میں ایف آئی اے نے میاں میر کالونی میں ایک نون لیگی عہدیدار میاں رضا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر مختلف اشیاء قبضے میں لے لی ہیں جبکہ بیرون ملک مقیم میاں رضا کی فیملی اور وکیل نے ایف آئی اے کے اقدام پر انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم لیگ نون کے عہدیدار میاں رضا کے وکیل محمد مظاہر کے مطابق بیرون ملک میں مقیم میاں رضا کی اہلیہ نے انہیں فون پر چھاپے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ میاں میر پہنچی تو رہائش گاہ کے بیرونی اور اندرونی تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر سے سی سی ٹی وی ریکارڈ سمیت کمپیوٹر اور دیگر دستاویزات غائب تھیں۔ گھر میں بنے سیاسی دفتر سمیت رہائشی کمروں کے تالے توٹے ہوئے تھے اور کچھ ریکارڈ اور ضروری سامان غائب تھا۔

ایڈووکیٹ محمد مظاہر کا کہنا ہے کہ میاں رضا کا نام جج ارشد ملک کیس کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے کارروائی سے قبل کوئی لیگل نوٹس تک نہیں بھجوایا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکریٹریٹ پر بھی ایف آئی اے نے چھاپہ مارا تھا جس کے خلاف نون لیگ نے اتوار کو احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Facebook Comments HS