رانا ثنا کے نام ایک کنوارے کا خط


رانا صاحب،

شادی شدہ افراد نے افواہ پھیلا رکھی ہے کہ کنوارا آدمی بھرپور زندگی گزارتا ہے، آزادی جیسی نعمت سے بھرپور لطف اندوز ہوتا ہے۔ اپنی مرضی سی ٹی وی کا چینل بھی بدل سکتا ہے۔ تاثر کسی حد تک درست ضرور ہے مگر! اس عیاشی کے چند مسائل بھی ہیں۔ جیسا کہ کنوارا آدمی بغیر کسی خاتون کے شاپنگ مال میں نہیں جاسکتا۔ بندہ اگر کنوارا ہے اور ذرا سا جوان بھی تو اسے ٹھرکی تصور کرلیا جاتا ہے کہ یہ شاپنگ مال میں جاکر کنوارپن سے آزادی کے اسباب تلاش کرنے لگے گا۔ اس ہی طرح کنوارا آدمی رینٹ پر مکان تک نہیں لے سکتا۔ جب تک آپ کی شادی نہ ہوجائے لوگ آپ کو معزز نہیں مانتے۔

آپ کی گرفتاری اور پھر رہائی نے شادی کے بندھن اور فوائد پر میرا یقین مزید مستحکم کردیا۔ جس طرح سے آپ کی اہلیہ، ہماری بھابھی نے آپ کی رہائی کی جنگ لڑی اور اس میں کامیابی بھی حاصل کی وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ رانا صاحب، ایک ٹاک شو میں بھابھی کو کہتے سنا کہ آپ کی گرفتاری کے بعد انہوں نے دریافت کیا رانا صاحب کے پاس سے کون سی ہیروئن برآمد ہوئی ہے؟ میرا یا ریما؟ یہ پندرہ کلو کی کون سی ہیروئن ہوتی ہے؟

ان سنگین حالات میں بھی بھابھی کا ایسا ردعمل اور پھر آپ کی رہائی کے لیے بھرپور جنگ۔ آپ خوش نصیب ہیں۔ رانا صاحب آپ کی ضمانت کی خبر ملنے کے بعد ایک سوال کے جواب بھی بھابھی نے کہا اب شہریار آفریدی کو جواب رانا صاحب خود دیں گے۔ میں نے انہیں معاف کیا، اللہ وزیر کی مشکل آسان کرے! حیرانی ہوئی بھابھی نے اتنی مشکل لڑائی لڑی اور پھر مخالف کو اس آسانی سے معاف بھی کردیا۔

رانا صاحب بات رسوائی کی ہے مگر، آپ کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن متحرک نہیں دکھائی دی، شہباز شریف تو خیر اپنے بھائی کے حق میں بھی باتوں سے آگے نہیں بڑھتے مگر آپ کے دیگر ساتھی؟ فیصل آبادی؟ ان سے ایسے رویے کی امید نہ تھی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایوان میں آپ کے لیے بھرپور آواز اٹھائی۔

ہماری سیاسی تاریخ میں بیگمات اور بیٹیوں نے گراں قدر کردار ادا کیا اور آپ کی اہلیہ نے بھی جس کمال جی داری سے آپ کی رہائی کی لڑائی لڑی ہے، ایک داستان آپ کی بھی ہوگی داستانوں میں۔

خدا سب کو بھابھی جیسی جرات مند بیگم عطا کرے اور شادی کے بندھن کی اس ہی طرح جیت ہوتی رہے، حق غالب آتا رہے اور جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہو۔

ایک کنوارا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments