عمران کو بلیک میلر صحافیوں سے مسئلہ نہیں، ذمہ دار صحافیوں سے شکایت ہے: انصار عباسی


سینئر صحافی انصار عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پورے ملک کے میڈیا کو ’’مافیا ‘‘ قرار دے کر صحافیوں کے منہ پر کالک مل دی ہے۔ عمران خان نے جو بات کی ہے ایسی باتیں ہر حکمران کرتا ہے۔ اپوزیشن میں رہ کر جو باتیں عمران خان کو اچھی لگتی تھیں، وزیر اعظم بننے کے بعد ذمہ دار میڈیا کی وہی باتیں اب انہیں بری لگنا شروع ہو گئی ہیں۔ اگر اخبارات میں کوئی مافیا ہے اور غلط کام کرتا ہے تو وزیر اعظم اس کے خلاف قانونی کارروائی کیوں نہیں کرتے؟۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئرصحافی انصارعباسی کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہ کہیں کہ میڈیا میں کوئی خرابی نہیں ہے تو یہ بات بھی غلط ہے۔ میڈیا میں بہت سی چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں دیکھ اور سن کر ہمیں بھی شرمندگی ہوتی ہے لیکن میں آپ کو اتنا بتا دوں کہ جو بات وزیر اعظم عمران خان صاحب نے کہی ہے، یہی بات تقریبا ہر حکمران کرتا ہے۔ وزیر اعظم کو مسئلہ اُن لوگوں سے نہیں ہے جو غیر ذمہ دارانہ صحافت کرتے اور کسی کے کہنے پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، ایسے صحافی جو کسی کا ایجنڈا لے کر جرنلزم کے اصولوں کے خلاف باتیں کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم کو اصل مسئلہ ذمہ دارانہ صحافت سے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ جو ہر حکمران کو ہوتا ہے اور موجودہ حکمرانوں کو بھی ہے، وہ یہ ہے کہ اگر معیشت کی حالت ٹھیک نہیں اور میڈیا کہتا ہے کہ معیشت کی حالت اچھی نہیں، اگر گورننس کی حالت اچھی نہیں اور میڈیا یہ کہتا ہے کہ گورننس اچھی نہیں، اگر وزیر اعظم اور ان کی حکومت ہر روز یوٹرن لیتی ہے اور میڈیا دکھاتا ہے کہ پہلے آپ یہ کہتے تھے اور اب آپ یہ کہہ رہے ہیں اور یوٹرن لے رہے ہیں تو کیا ناجائز بات ہے؟ اس طرح کی باتوں پر اگر اِنہیں غصہ چڑھتا ہے اور واقعتاً وہ ایسی خبروں پر اَپ سیٹ ہوتے ہیں توایسی باتوں پرحکمرانوں کا خفا ہونا ایک معمول کی بات ہے۔ جو بھی حکمران آتا ہے جب وہ حکومت سے باہر اور اپوزیشن میں ہوتا ہے تو یہ باتیں اُسے اچھی لگتی ہیں لیکن جیسے ہی یہ لوگ حکومت میں آتے ہیں، ذمہ دار صحافت اِنہیں بری لگنا شروع ہو جاتی ہیں ۔

انصار عباسی نے کہا کہ میڈیا تو حکمرانوں کی کان اور آنکھ ہوتا ہے اگر وہ سمجھیں۔ وزیر اعظم کا عہدہ پورے ملک میں سب سے زیادہ ذمہ دار ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے پورے میڈیا کو مافیا کہہ کر اس کے منہ پر کالک مل دی ہے جو انتہائی غیر مناسب بات ہے۔ اگر کوئی چیز ہم غلط کرتے ہیں تو آپ قانونی کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ جس طرح وزیر اعظم اپوزیشن کو چور ڈاکو کہہ کر سب کو لتاڑ دیتے ہیں، اِسی طرح اُنہوں نے میڈیا کو بھی لتاڑ دیا ہے۔ پورے ملک کے ادارے اور ایجنسیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ اگر کسی نے کوئی غلط کام کیا ہے تو پھر آپ قانونی کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ اگر قانون کمزور ہے تو آپ اس کو مضبوط کر دیں۔

Facebook Comments HS