اپوزیشن نے آرمی ایکٹ کی حمایت کر کے بہت بڑا فائدہ حاصل کر لیا: عارف نظامی


سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بلز کی حمایت سے بڑا ریلیف حاصل کر لیا ہے۔ انڈراسٹینڈنگ کے تحت جو ریلیف ملے گا، اس میں کیس ختم نہیں ہوں گے، تاکہ احتساب کا بھرم رہے گا، تاہم ضمانتیں سب کی ہوجائیں گی۔

عارف نظامی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اتنے اہم اجلاس چل رہے ہیں جبکہ شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔ پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں بڑی لے دے ہوئی ہے، خواجہ آصف کو بڑا رگڑا لگایا گیا۔ ایک ایم این اے قیصر شیخ نے کہا کہ کم ازکم قاضی فائز عیسیٰ کا ریفرنس ہی حمایت سے مشروط کر دیتے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہم کیا منہ دکھائیں؟ دھرنے کے معاملے پر بھی آپ بکری ہوگئے تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آپ سب کو کوئی مسئلہ ہے تو آپ خود نواز شریف سے پوچھ لیں۔

عارف نظامی نے کہا کہ اسی طرح بلاول بھٹو نے پہلے اعتراض کیا اور کچھ ترامیم بھی دیں، لیکن بعد میں بکری ہو گئے۔ وہاں پرویزخٹک نے کان میں کہا کہ آپ کو حکم دیا گیا ہے کہ یہ سب ہونے دیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ گاجریں ان دونوں نے کھائی ہوئی ہیں۔ عارف نظامی نے کہا کہ نوازشریف وہ شخص ہے جو کہتا رہا کہ ووٹ کو عزت دو، مجھے کیوں نکالا، فوج کو گالیاں دیتا رہا، نوازشریف اور اس کی صاحبزادی دونوں تنقید کرتے رہے۔ اب کہتے ہیں کہ غیرمشروط حمایت کرو۔ میرا مشورہ یہ ہے کہ جس انداز سے شیر شیرِ قالین بن گیا۔ جب اختلاف ہی نہیں ہے، تویہ اپوزیشن کا رولا ہی ختم کریں، بلکہ تینوں ملکر قومی حکومت بنا لیں۔

پھرمائنس نوازشریف، شہبازشریف، آصف زرداری اور عمران خان ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کی منظوری کے بعد اپوزیشن ویسے ہی ختم ہوگئی ہے، اب کیسز بھی ختم ہوجائیں ، عمران خان کہتے تھے کہ مک مکا، مک مکا، اب مک مکا ہوگیا ہے، اور تمام کیسز پر مٹی ڈال دی گئی ہے، نیب والا معاملہ بھی آہستہ آہستہ ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو انڈراسٹینڈنگ ہوئی ہے اس کے تحت اپوزیشن رہنماؤں کو ریلیف یہ ملے گا کہ کیس ختم نہیں ہوں گے، احتساب کا بھرم رہے گا، ضمانتیں سب کی ہو جائیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments