فیصل واوڈا کی بوٹ نمائی کی پاداش میں کاشف عباسی پر 60 روز کے لئے ٹی وی پر آنے پر پابندی
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی پروگرام میں انوکھی شرکت نے صحافی کاشف عباسی کو مشکل میں ڈال دیا ہے
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فیصل واوڈا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کالے رنگ کا بڑا سا بوٹ لے کر آ گئے اور اسے سامنے ٹیبل پر رکھ کر انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں پر کڑی تنقید کی جس پر ان کے ساتھ پروگرام میں شرکت کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ اور ن لیگ کے جاوید عباسی پروگرام چھو ڑ کر چلے گئے۔
فیصل واوڈا کی اس غیر اخلاقی حرکت پر پیمرا نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور کاشف عباسی کے پروگرام پر 60 روز کی پابندی عائد کر دی ہے اور اس کے ساتھ ہی صحافی کو بھی کسی بھی ٹی وی چینل پر آنے سے 60 روز کیلئے روک دیا ہے۔
پیمرا نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ” آف دی ریکارڈ “ 14 جنوری کو نشر کیا گیا جس میں فیصل واوڈا، قمر زمان قائرہ اور جاوید عباسی نے بطور مہمان شرکت کی، شو کے دوران فیصل واوڈا نے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نہایت ہی غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا۔ فیصل واوڈا کی جانب سے کہے گئے جملے نہ صرف غیر سنجیدہ اور حقارت آمیز تھے بلکہ ایک ریاستی ادارے کی تذلیل کرنے کی کوشش بھی تھی۔ جبکہ اس دوران صحافی کاشف عباسی نے غیر پیشہ وارانہ رویے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دراصل اس میں مداخلت کرتے ہوئے اسے روکا نہیں اور اس سارے واقعے پر پروگرام کے دوران مسکراتے رہے۔
پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ” آف دی ریکارڈ“ پر 60 روز کے لئے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی صحافی کاشف عباسی پر بھی 60 روز تک کسی بھی پروگرام میں شرکت پر پابندی لگائی گئی ہے ۔


