حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے: سکندر سلطان نئے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے


پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران پر ایک ماہ کے ڈیڈلاک کے بعد بالآخر اتفاق کر لیا ہے اور پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کیلئے حکومت کے تجویز کردہ نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کیلئے اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے محمد جتوئی کے ناموں پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک ماہ سے ڈیڈ لاک بر قرار تھا جو کہ آج اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں پر اتفاق رائے ہو گیاہے جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ضلع سرگودھا کے گاؤں بھیرہ میں پیدا ہوئے ۔ان کے والد آرمی افسر تھے۔ انہوں نےابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھیرہ،میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا۔ ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا۔ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجا نے سی ایس ایس 1987 میں کیا اور ڈی ایم جی/ پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔ کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔ اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ،ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب،صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدوں پر فائز رہے۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجا چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم ، سیکریٹری سیفران بھی رہے۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجا حال ہی میں سیکریٹری/چیئرمین ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں

سکندر سلطان جب وفاقی سیکریٹری پٹرولیم تھے تو اس موقع پر ان کی وزارت کے اندر شہرت بھی بنی کہ کچھ ایسے کام جو شاہد خاقان عباسی بڑے پراجیکٹ کے طور پر کرنا چاہتے تھے، انہوں نے اس کی مخالفت کی تھی اور دستخط کرنے سےا نکار کر دیا تھا کیونکہ وہ پراجیکٹ ان کے مطابق پاکستان کے مفاد میں نہیں تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments