طالبات کے شدید احتجاج پر کینرڈ کالج لاہور نے خلیل الرحمان قمر کے ساتھ تقریب منسوخ کر دی


لاہور کے معروف تعلیمی ادارے کینرڈ کالج نے لڑکیوں کی طرف سے شدید احتجاج پر ’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے ساتھ تقریب منسوخ کر دی۔

کینرڈ کالج لاہور میں اے آر وائی ڈیجیٹل پر چلنے والے معروف ڈرامہ سیریل’ میرے پاس تم ہو‘ کے مصنف کی آمد پر طالبات نے احتجاج کیا اور کالج انتظامیہ کو خلیل الرحمان قمر کے ساتھ رکھے گئے بات چیت کے سیشن کو منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق خلیل الرحمان کے ساتھ تبادلہ خیالات کے اس سیشن کی منسوخی کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں۔ کینرڈ کالج کی طالبات کا موقف ہے کہ خواتین کے ادارے میں خواتین مخالف خیالات رکھنے والے شخص کو کسی پروگرام کی میزبانی نہیں سونپی جا سکتی۔

22 جنوری کو یہ تقریب صبح گیارہ سے 12 بجے تک ہونی تھی جس کا انتظام انسٹیٹوٹ سینٹر فار لرننگ اینڈ کلچرل ڈویلپمنٹ نے کیا تھا اور اس میں ایک ڈائریکٹر کو بھی مدعو کیا گیا۔ تاہم یونیورسٹی کی ایک فیکلٹی ممبر نے نام چھپانے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ طالبات کے احتجاج پر اس ایونٹ کو منسوخ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کا کالج سو سالوں سے خواتین کو آگے لانے کیلئے کام کر رہا ہے اور وہ کسی ایسے فرد کی میزبانی قبول نہیں کر سکتا جو خواتین کے بارے میں منفی خیالات رکھتا ہو۔ فی الحال کینرڈ کالج کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو میں دکھائے گئے چند مناظر اور مکالموں کو لوگوں کی بڑی تعداد نے خواتین مخالف قرار دیا ہے۔ ایک خاتون نے تو اس ڈرامہ کی آخری قسط کو نشر کرنے سے روکنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ دوسری جانب اس ڈرامے کو لوگوں کی بہت بڑی تعداد پسند بھی کر رہی ہے۔ اس ڈرامہ کی دو گھنٹوں پر محیط آخری قسط کل شب نہ صرف اے آر وائی ڈیجیٹل ٹی وی پر بلکہ ملک بھر کے سینما گھروں میں بھی دکھائی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments