اداکارہ نور بخاری کی طرف سے سابق شوہر عون چوہدری کی تعریف: افواہوں کا دروازہ کھل گیا


پاکستان فلم انڈسٹری کو خیرباد کہ کر لندن میں گھریلو زندگی اختیار کرنے والی اداکارہ نور بخاری نے سابق شوہر عون چوہدری کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنا ہیرو قرار دیا ہے۔ نور بخاری کی حالیہ پوسٹ سے افواہیں پھیل گئی ہیں کہ کیا وہ عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا شادی کر چکی ہیں۔ عون چوہدری کی شیئر کردہ تصویر پر نور بخاری کی بہن فاریہ بخاری نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ہے: ماشاءاللہ، اللہ نظر بد سے محفوظ رکھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نور بخاری کی پانچویں شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں جن کی نور کی جانب سے تردید بھی کی گئی تھی۔ دو سال قبل شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری کی چار شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ ان کی پہلی شادی 2008 میں وکرم نامی بھارتی بزنس مین سے ہوئی تھی لیکن 2 سال بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔ 37 سالہ نور کی دوسری شادی 2010 میں ہی فلم ساز فاروق مینگل سے ہوئی جو کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ چل سکی۔

نور نے تیسری شادی عون چوہدری سے 2012 میں کی تھی لیکن وہ بھی صرف کچھ ماہ ہی چل سکی۔ عون چوہدری سے شادی کے نتیجے میں ان کی بیٹی فاطمہ پیدا ہوئی۔ 2015 میں نور بخاری نے ولی حامد خان سے چوتھی شادی کی۔ گھریلو تنازعات کے باعث شادی زیادہ عرصہ نہ چل پائی اور ستمبر 2017 میں نور بخاری نے عدالت کے ذریعے ولی حامد خان سے خلع لے لیا۔

عون چوہدری تحریک انصاف کے رہنما ہیں۔ عمران خان سے ان کی دیرینہ قربت اور وفاداری ہے۔ عون چوہدری وزیر اعظم کے اس قریبی حلقے کا حصہ تھے جو جنوری 2018 میں ان کی تیسری شادی کا راز داں تھا۔ اگست 2018 میں عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد عون چوہدری اس مختصر وفد کا بھی حصہ تھے جو نومنتخب وزیر اعظم کے ساتھ عمرہ کرنے سعودی عرب گیا تھا۔ اس دوران غیر مصدقہ خبریں آئی تھیں کہ عون چوہدری سرزمین مقدس کے دورے میں اپنی سابق اہلیہ نور بخاری کے ساتھ ایک گاڑی میں دیکھے گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments