خلیل الرحمن قمر نے صبا حمید سے معافی مانگ لی


ملک کے مقبول رائٹر و ڈائریکٹر خلیل الرحمٰن قمر کی معذرت کے بعد اداکارہ صبا حمید ہمایوں سعید کی فلم ”لندن نہیں جائوں گا“ میں کام کرنے کے لئے تیار ہوگئی ہیں۔ خلیل الرحمٰن قمر نے اپنی فلم ’کاف کنگنا‘ کی پرموشن کے دوران محمود اسلم،عروہ حسین اور صبا حمید کو ان کے نان پروفیشنل رویے کی وجہ سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر تمام فنکار ناراض تھے۔ تاہم اب خلیل الرحمٰن قمر کی طرف سے ایک ویب انٹرویو کے دوران معافی مانگنے کے بعد صبا حمید فلم میں کام کے لئے راضی ہو گئی ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ صبا حمید میری بہن بھی ہے، بھابھی اور سہیلی بھی۔ صبا تمہیں پتہ ہے کہ ان دنوں مجھے غصہ آیا ہوا تھا، تو چل میری جان مجھے معاف کردو، میں قطعی نہیں چاہتا تھا کہ آپ کا دل دکھی ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ معروف رائٹر نے محمود اسلم اور عروہ حسین سے بھی معذرت کر لی۔ خلیل الرحمٰن قمر نے اپنے بارے میں غلط باتیں کرنے پر عفت عمر کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ میں اسے ہمیشہ اپنی بہن سمجھتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے غصے کی حالت میں صبا حمید اور محمود اسلم کے کام پر بات کی۔ ورنہ دونوں ونڈرفل اداکار ہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ آئندہ دھیمے لہجے میں بھی بات کروں۔ خلیل الرحمٰن قمر نے مزید کہا کہ میں کبھی ندیم بیگ اور ہمایوں سعید بارے کبھی کہا نہیں ورنہ جتنا غصہ میں ان دونوں پر کرتا ہوں ان کو پھر سڑک پر ہی ماردینا چاہیے۔ دونوں کو مجھ سے بہت گالیاں پڑتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن بے غیرتوں نے’کاف کنگنا‘ کا بیڑہ غرق کیا ہے ان کو معافی نہیں ملنے والی۔ اتنی بڑی فلم کو اس طرح دھول چٹانا یہ ان کا ہی کام تھا، جس میں وہ جیت گئے اور میں ہار گیا۔ اس فلم کو باقاعدہ فلاپ کرایا گیا۔ یاد رہے کہ ہمایوں سعید کی فلم ’لندن نہیں جائوں گا‘ کی کہانی بھی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی ہے جس کی شوٹنگ آئندہ ماہ شروع ہو گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صبا حمید کے ساتھ ساتھ سہیل احمد، ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان بھی فائنل ہو چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments