کوئٹہ سانحہ: شیشوں کا مسیحا کوئی نہیں


ناصر محمود خان

\"nasir-mahmood-khan\"ایک بار پھر قومی پرچم میں لپٹے 61 تابوت اٹھے، دہشت گرد حملے کی روایتی مذمتی جملوں کے ساتھ ساتھ جان سے جانے والوں کے لیے داد شجاعت کے ڈونگرے بھی برسائے گئے اور شدت پسندوں کو ملکی امن تباہ کرنے کی اجازت نہ دینے کے عزم کا اعادہ بھی ہوا کہ جیسے پہلے وہ با اجازت یہ مکروہ دھندہ کرتے رہے ہوں۔

مسلم دنیا کی واحد تسلیم شدہ جوہری قوت رکھنے والے ملک کے شہریوں کے لیے نہ اس طرح کا منظر نیا ہے اور نہ ہی یہ بیانات۔

کسی کا کم سن لعل گلال ہوا تو کسی سن رسیدہ نے جوان لاشہ قبر میں اتارا۔ چار آنسو گرے، چھ لوگ کتبے اٹھائے سڑک پر آئے اور چند ایک نے شمعیں روشن کیں۔ دو دن ٹی وی والوں نے حکومتی عہدیداروں کے لتے لیے اور پھر انہیں کوئی بھی \”چائے والا\” مل گیا۔

پاؤں پاؤں چلنے والی جمہوریت جب سے پیدا ہوئی خطرے سے ہی دوچار رہی جس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جمہور جب بچہ جمورا بنے اِدھر سے اُدھر اور اُدھر سے اِدھر جاتے مداریوں کے پیچھے لگے رہیں گے تو ان کی \”مت ہی ماری جانی ہے۔\”

جب سے سماجی رابطوں کی بندوق ادرک کے ذائقے سے ناواقفوں کے ہاتھ لگی ہے ایک نیا محاذ کھل چکا ہے جس میں کوئی گندے کپڑے چوک میں دھو رہا ہے تو کوئی کسی کی پگڑی کو فٹبال بنائے پھرتا ہے کہ جب \”راہبر و راہنما\” کا طرز سیاست ہی دشنام طرازی ہو تو جمورا بنے جمہور کا کیا دوش۔

یہ تو بس چکی کی مشقت سے بچ گیا تو \”جنت کی تلاش\” میں کسی بھٹکے راہرو کا نشانہ بن جائے گا اور اگر اس کی قسمت بعد مرنے کے چمکی تو دو دن تک ٹی وی والے اس کا نام لے کر حکومتی عہدیداروں کے لتے لیں گے، چار آنسو بہیں گے، چھ شمعیں روشن ہوں گی اور پھر سب کسی نئے چائے والا کی تلاش میں مصروف ہو جائیں گے۔

شرق تا غرب سے مخاصمت میں گھرے ملک کے اہل سیاست اب یہ بھی کہنے لگے ہیں کہ ان کے مخالفین اپنے مفاد کے لیے خون خرابے کی سیاست کر رہے ہیں۔ الزام تراشی کا شور اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اس میں جمہور کی چیخ و پکار دم توڑ کر رہ گئی ہے۔

فیض یاد آ رہے ہیں۔۔۔!

موتی ہو کہ شیشہ جام کہ دُر

جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا

کب اشکوں سے جڑ سکتا ہے

جو ٹوٹ گیا سو ٹوٹ گیا

تم ناحق ٹکڑے چن چن کر

دامن میں چھپائے بیٹھے ہو

شیشوں کا مسیحا کوئی نہیں

کیا آس لگائے بیٹھے ہو


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments